اللہ تعالیٰ نے ہر دور میں ایسے اشخاص کو بھیجا ہے جو لوگوں کو راہ ھدایت پر گامزن کریں تاریک دلوں کو روشن کریں ایسی مبارک ہستیوں کے پاس بیٹھنے والا کبھی بھی شقاوت میں مبتلا نہیں ہوتا یہ اپنے کلام اور فتاوی سے لوگوں کے دلوں کو منور و مجلا کرتے ہیں۔ انہیں میں سے ایک سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان کے فرزند اکبر حجۃ الاسلام مفتی حامد رضا خان قادری ہے۔
ولادتِ باسعادت
حجۃ الاسلام کی ولادت باسعادت ماہ ربیع الاول 1292ھ بمطابق 1875ء محلہ سوداگران بریلی شریف میں ہوئی۔
آپ کا لقب حجۃ الاسلام اور پورا نام محمد حامد رضا ہے۔
تعلیم و تربیت
حضور حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ نے سارے علوم و فنون اپنے والد ماجد اعلی حضرت علیہ الرحمہ نے حاصل کئے۔حضور حجتہ الاسلام حضرت مولانا محمد حامد رضا خان قادری بریلوی رضی الله تعالیٰ عنہ کی تعلیم و تربیت آغوشِ والد ماجد امام اہلسنّت مجدد دین وملت الشاہ امام احمد رضا خان قادری فاضلِ بریلوی رضی الله تعالیٰ عنہ میں ہوئی- والد ماجد آپ سے بڑی محبت فرماتے اور ارشاد فرماتے کہ ،، حامد منى وانا من حامد ،، حضور حجتہ الاسلام نے جملہ علوم و فنون اپنے والدِ ماجد سے حاصل کیے- یہاں تک کہ حدیث، تفسیر، فقہ وکتب، معقول ومنقول کو پڑھ کر صرف 19/ سال کی عمر شریف میں فارغ التحصیل ہوگئے-
بیعت وخلافت
آپ کو بیعت و خلافت نور العارفین حضرت سیدنا ابو الحسین احمد نوری علیہ الرحمہ سے حاصل ہے، اور آپ کے والد ماجد اعلی حضرت علیہ الرحمہ سے بھی اجازت و خلافت حاصل تھی ۔
حجۃ الاسلام ہر لحاظ سے اپنے والد صاحب کے جانشین و وارث تھے۔اپنے والد صاحب کے ہر کام میں معاون و مددگار تھے خواہ دیوبندیوں وہابیوں کا رد کرنا ہو یا غیر مقلدین کا تعاقب کرنا ہو۔
اعلی حضرت علیہ الرحمہ کا خاندان حضور حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ سے ہی چلا کیونکہ اعلی حضرت علیہ الرحمہ کے چھوٹے شہزادے مصطفی رضا خان علیہ الرحمہ کی ایک ہی اولاد نرینہ ہوئی تھی جو بچپن میں ہی انتقال کرگئی۔
تصنیفی کارنامے:
حضور حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ نے جہاں دیگر کام انجام دئے وہی آپ نے تصنیف کا بھی فریضہ انجام دیا- ذیل میں آپ چند تصانیف پیش کی جاتی ہے ملاحظہ فرمائیں:
*الصارم الربانى على اسراف القاديانى
سب سے پہلے آپ نے 1315/ ہجری میں قادیانیوں کا رد لکھا-
*ترجمه الدولة المكيه بالمادة الغيبيه
*حسام الحرمين على منحر الكفر والمين
*حاشیہ ملا جلال
*مقدمہ الاجازات المتینہ
*نعتیہ دیوان
*مجموعہ فتاویٰ
وصال:
حضور حجۃ الاسلام حضرت مولانا حامد رضا خان قادری بریلوی رضی الله تعالیٰ عنہ 17/ جمادی الاول 1362/ ہجری، مطابق 23/ مئی 1943/ عیسوی بعمر 70/ سال عین حالتِ نماز میں دوران تشہد 10/ بجکر 45/ منٹ پر اپنے خالق حقیقی سے جاملے -
انا لله وانا اليه راجعون
جنازے کی نماز آپ کے خلیفہ خاص حضرتِ محدثِ اعظم پاکستان مولانا سردار احمد قدس سرہ العزیز نے مجمع کثیر میں پڑھائی- آپ کا مزار مبارک خانقاہ عالیہ رضویہ بریلی شریف میں والد ماجد کے پہلو میں ہے- ہر سال عرس مبارک کی تاریخ میں بیشمار علماء ومشائخ کے ساتھ عوام شریک ہوتے ہیں اور اپنے اپنے دامنوں کو گوہر مراد سے پر کرتے ہیں- بریلی شریف کی خانقاہ کے علاوہ بھی برصغیر پاک و ہند میں آپ کے بے شمار متوسلین مذکورہ تاریخ پر آپ کے روحانی فیض سے مستفیض ہوتے ہیں-