کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ ایک شخص کو عارضہ جذام کی ابتداء ہے اس کے بھائی بند اور اولاد نے اس کے ساتھ کھانا پینا چھوڑ دیا ہے اور اس سے کہتے ہیں کہ تجھ سے تیری زوجہ بھی بلا طلاق علیحدہ ہو سکتی ہے، ایسی حالت میں جو حکم شرع مطہرہ میں ایسے مریض کے واسطے ہو بیان فرمائیں، اللہ تعالیٰ اجر دے گا۔
في الواقع ضعیف الاعتقاد لوگ جنھیں خدائے تعالی پر سچا تو کل نہ ہو اور وہمی خیالات رکھتے ہوں انھیں جذامی کے ساتھ کھانے پینے سے بچنا چاہئے۔ نہ اس خیال سے کہ اس کے ساتھ کھانے کی تاثیر سے دوسرا شخص بیمار ہو جاتا ہے۔ یہ خیال محض غلط ہے تقدیر الہی میں جو کچھ لکھا ہے ضرور ہوگا اور جو نہیں لکھا ہے ہر گزنہ ہوگا اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو ارشاد فرماتا ہے کہ یوں کہیں:
لَّنْ یُّصِیْبَنَاۤ اِلَّا مَا كَتَبَ اللّٰهُ لَنَاۚ-هُوَ مَوْلٰىنَاۚ-وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ(۵۱) ترجمہ کنز الایمان: ہمیں نہ پہنچے گا مگر جو اللہ نے ہمارے لیے لکھ دیا وہ ہمارا مولیٰ ہے اور مسلمانوں کو اللہ ہی پر بھروسہ چاہیے۔ (پارہ ۱۰، سورہ توبہ، آیت۵۱ )
خود نبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ایک جذامی کو اپنے ساتھ کھلایا بلکہ یہ لحاظ کرے کہ اس کے ساتھ کھایا پیا اور معاذ اللہ شاید حسب تقدیر الہی کچھ واقع ہوا، تو شیطان دل میں ڈالے گا کہ اس فعل نے ایسا کیا ورنہ نہ ہوتا، اس شیطانی خیال سے بچنے کے لئے اس سے احتراز کرے اس لئے حدیث میں حکم ہے کہ : "جذامی سے بچو جیسا کہ شیر سے بچتے ہیں ۔ (کنز العمال حدیث ۲۸۳۳۱ ۵۴/۱۰ ) اگر وہ ایک نالے میں اترے تم دوسرے نالے میں اتر و ۔ (کنز العمال ، ۵۴/۱۰، حدیث:۲۸۳۳۱ )
اور ایک حدیث میں ہے کہ : " جذامی سے نیزہ دو نیزہ کے فاصلہ سے بات کرو"۔ (کنز العمال، ۵۴/۱۰، حدیث: ۲۸۳۲۹ )
والعياذ بالله رب العالمین، یہ اسی کے لئے ہے جسے واقعی جذام ہو نہ یہ کہ خون میں صرف قدرے جوش کی کچھ علامت سی پا کر اسے دور دور کرنے لگیں کہ یہ تو ناحق مسلمان کا دل دکھانا ہے۔ خصوصا بھائی بند اولاد کا ایسا کرنا کس قدر خدا ترسی وانسانیت سے بعید ہے۔ اللہ تعالی کی پناہ مانگیں کیا وہ ان کو مبتلا نہیں کر سکتا والعياذ بالله رب العالمین اس طرح کے جوش کی علامت معاذ الله بعض اوقات بے مرض جذام بھی خون کی حدت وغیرہ سے پیدا ہو جاتی ہے اور باذن الہی مصفیات وغیر ہا کے استعمال سے جاتی رہتی ہے، اللہ تعالی اپنے بلاؤ سے پناہ عطا فرمائے آمین،
اور لوگوں کا یہ کہنا کہ تیری زوجہ بلاطلاق علیحدہ ہو سکتی ہے اگر اس سے یہ مقصود کہ بے طلاق اس کے نکاح سے نکل سکتی ہے تو محض خطا ہے، ہمارے مذہب میں جب تک یہ طلاق نہ دےگا وہ ہر گز اس کے نکاح سے باہر نہ ہو گی۔ درمختار میں ہے:
(ولا يتخير أحدهما) أي الزوجين (بعيب الآخر) فاحشا كجنون وجذام وبرص ورتق وقرن — الخ، الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي (٢٤٥) ۔ والله تعالی اعلم
ترجمہ: میاں بیوی میں سے کوئی ایک دوسرے میں عیب پائے جانے کی وجہ سے خواہ عیب حد سے بھی زیادہ ہو، جدائی کا حق نہیں رکھتا، عیب سے مراد دیوانگی، کوڑھ، برص (پھلبہری)، رتق (مقام ستر کا جڑ جانا) قرن ( وہاں ہڈی نکل آنا) اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے۔(ت)
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔