کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں ایک بکری کا بچہ دو ماه کا ہے، اس بکری کی قربانی جائز ہے یا نہیں، زید کہتا ہے کہ کوئی جانور جب تک دودھ دیتا ہے، اس کی قربانی نا جائز ہے، اور نا قابل قبول ہے، عند الشرع جواب سے نوازیں ، بینوا توجروا۔
اس سوال کا جواب دینے سے پہلے چند مسائل کا ذکر کرنا ضروری ہے، تاکہ جواب کے سمجھنے میں آسانی ہو۔ فقیر نے قربانی کے لیے جانور خریدا، تو اس پر اس جانور کی قربانی واجب ہے۔ غنی اگر خریدتا، تو اس خریدنے سے قربانی اس پر واجب نہ ہوتی۔ بکری کا مالک تھا اور اس نے قربانی کی نیت کر لی، یا خریدتے وقت قربانی کی نیت نہ تھی، بعد میں نیت کر لی، تو اس نیت سے قربانی واجب نہ ہوگی۔ ذبح سے پہلے قربانی کا دودھ دوہنا مکروہ و ممنوع ہے؛ اگر دودھ دوہ لیا، تو صدقہ کر دے۔ جانور دودھ والا ہے، تو اس کے تھنوں پر ٹھنڈا پانی چھڑکے تاکہ دودھ خشک ہو جائے؛ اگر اس سے کام نہ چلے، تو جانور کا دودھ دوہ کر صدقہ کر دے۔ قربانی کے لیے جانور خریدا تھا، قربانی کرنے سے پہلے بچہ اس کے پیدا ہوا، تو بچہ کو بھی ذبح کر ڈالے، اور اگر بچہ کو بیچ ڈالا، تو اس کا ثمن صدقہ کر دے؛ اور اگر ذبح نہ کیا اور نہ بیچا اور ایامِ نحر گزر گئے، تو اس کو زندہ صدقہ کر دے۔ قربانی کی اور اس کے پیٹ میں بچہ ہے، تو اس کو بھی ذبح کر دے اور استعمال میں لاسکتا ہے، اور مرا ہوا بچہ ہو تو اسے پھینک دے، کہ اب یہ بچہ مردار ہے۔ ان مسائل سے واضح ہو گیا کہ کسی غریب نے قربانی کے لیے جانور خریدا، بعد میں اس کے بچہ پیدا ہو گیا تو جانور دودھ دے رہا ہے؛ تو اسی جانور کی قربانی اس غریب و مسکین پر ضروری ہے، اگرچہ وہ جانور دودھ دے رہا ہو۔ اور اگر اس جانور کو خریدنے والا مالدار ہے، یا غریب نے جانور خریدتے وقت قربانی کی نیت نہ کی تھی، بعد میں کر لی، تو ان کے لیے بہتر یہ کہ اس دودھ دینے والے جانور کی قربانی نہ کریں، لیکن اگر کر لیں گے تو شرعاً قربانی ہو جائے گی۔ زید کا یہ کہنا کہ دودھ دینے والے جانور کی قربانی ناجائز ہے، ناقابلِ قبول ہے، غلط ہے، شریعت کے خلاف ہے؛ اس کے پاس کوئی دلیلِ شرعی ہو تو پیش کرے۔ واللہ تعالیٰ و رسولہ الاعلیٰ اعلم۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔