زید کے پاس دو ایکڑ کے قریب زمین ہے جس کی کاشت کرتا ہے اور اپنے اہل و عیال کی پرورش کرتا ہے، اس کے پاس سونا یا چاندی یا مال تجارت نہیں کہ جو نصاب تک پہنچے۔ ایسی حالت میں قربانی کا وقت آیا اور اس کے پاس سوائے غلہ ، دھان یا گندم کے اور کوئی چیز نہیں جسے فروخت کر کے قربانی کا جانور خریدے اور اگر دھان یا گندم فروخت کر کے جانور قربانی کا خریدتا ہے تو کچھ دنوں کے بعد اس کے گھر فاقہ کشی کی نوبت آجاتی ہے کیوں کہ غلہ اتنا زیادہ کھیت میں نہیں ہوتا جس سے کہ سال آجائے اور بیچا بھی جائے، اسی میں اسے اور بھی خانہ داری کے سامان خرید کرنا ہے ، تو کیا دو ایکڑ زمین ہونے سے وہ صاحب نصاب ہو جائے گا اور اس پر قربانی واجب ہوگی ؟ بکر کا کہنا ہے کہ زمین بھی نصاب میں شامل کی جائے گی۔ ایسی صورت میں زید کے لیے حکم شرعی کیا ہے ؟ اس پر قربانی واجب ہوگی یا نہیں ؟
زید کی اس زمین سے اگر اتنا غلہ پیدا ہو جاتا ہے جو اسے اور جن لوگوں کا نان و نفقہ زید کے ذمہ واجب ہے ان کے سال بھر کھانے کو کافی ہو اگر چہ نہ بچے تو اس پر قربانی واجب ہے ، بلکہ ایک قول یہ ہے کہ اگر مہینہ بھر کے لیے بھی کافی ہو تو بھی قربانی واجب ہے۔
شامی میں ہے: وَلَوْ لَهُ عَقَارٌ يَسْتَغِلُّهُ فَقِيلَ تَلْزَمُ لَوْ قِيمَتُهُ نِصَابًا، وَقِيلَ لَوْ يَدْخُلُ مِنْهُ قُوتُ سَنَةٍ تَلْزَمُ، وَقِيلَ قُوتُ شَهْرٍ۔ ( رد المحتار، ج : ۹ ، ص: ٤٥٣ ، كتاب الاضحيه، دار الكتب العلمية، بيروت)
بلکہ اصل مذہب یہ ہے کہ جس کے پاس اتنی زمین ہے جو نصاب کی قیمت کو پہنچتی ہو تو مطلقاً واجب ہے ۔ صورتِ مسئولہ میں زید پر قربانی واجب ہے اور یہ کہنا کہ کچھ نہیں ، قابل قبول نہیں ۔ اگر بیمار پڑ جائے یا مر جائے تو کفن دفن دو اعلاج کہاں سے کرے گا جب اس کا سال بھر کھانے کا یہی غلہ ہے۔ اگر چند روپے قربانی میں خرچ کر دے گا تو فاقہ کشی کی نوبت آجائے گی تو بتائیے اگر وہیں مہمان آجائے تو کیا کرے گا، بچوں کی شادی بیاہ کیسے کرے گا، ان سب کو جانے دے کپڑے اور رہنے کا بندو بست کیسے کرتا ہے، اپنا ذاتی مکان ہے تو اس کی اگر مرمت کی ضرورت ہو تو کیا کرے گا؟ قربانی سے جان بچانے کا یہ بہانہ ہے قابل سماع نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔