کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
جلد چہارم کتاب شرح وقایہ کتاب الاضحیہ ص ۴۳ میں تحریر ہے کہ فرمایا رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے: جو شخص دیکھے تم میں سے چاند ذی الحجہ کا اور ارادہ کرے قربانی کا تو چاہئے کہ اپنے بال اور ناخن کو روك رکھے یعنی نہ کاٹے،روایت کیا جماعت نے،اب ایك شخص اہل اسلام کا ارادہ قربانی کرنے کا ہے،تو وہ شخص دیکھنے چاند ذی الحجہ کے سے اپنے بال اور ناخن نہ روك رکھے یا حجامت کرالے،یا اس نے یہ حکم نہ مانا،اور رسول مقبول صلی اللہ صلی تعالٰی علیہ وسلم کی حکم عدولی کرے تو اس کے واسطے شرع شریف میں سے کیا حکم ہے؟ اور کیاکہا جائے گا ؟ جواب تحریر فرمائے، اور قربانی اس کی صحیح طورپر ہوگی یا کوئی نقص اس کی قربانی میں عائد ہوگا؟ بینواتوجروا
یہ حکم صرف استحبابی ہے کرے تو بہترہے نہ کرے تو مضائقہ نہیں، نہ اس کو حکم عدولی کہہ سکتے ہیں نہ قربانی میں نقص آنے کی کوئی وجہ، بلکہ اگر کسی شخص نے ۳۱ دن سے کسی عذر کے سبب خواہ بلا عذر ناخن تراشے ہوں نہ خط بنوایا ہو کہ چاند ذی الحجہ کا ہوگیاتو وہ اگر چہ قربانی کاارادہ رکھتا ہو اس مستحب پر عمل نہیں کرسکتا اب دسویں تک رکھے گا تو ناخن وخط بنوائے ہوئے اکتالیسواں دن ہوجائے گا،اور چالیس دن سے زیادہ نہ بنوانا گناہ ہے۔ فعل مستحب کے لئے گناہ نہیں کرسکتا۔
فی ردالمحتار فی شرح المنیۃ وفی المضمرات، عن ابن المبارک فی تقلیم الاظفار وحلق الرأس فی عشر ذی الحجۃ، قال لا تؤخرالسنۃ، وقد ورد ذٰلک ولایجب التاخیر اھ فہذا محمول علی الندب بالاجماع الا ان نفی الوجوب لا ینافی الاستحباب فیکون مستحبا الا ان استلزم الزیادۃ علی وقت اباحۃ التاخیر، ونہایتہ مادون الاربعین، فلا یباح فوقہا، ۱؎ اھ مختصرا، واﷲ تعالٰی اعلم۔
ردالمحتارمیں ہےکہ منیہ کی شرح اور مضمرات میں ابن مبارك سے نقل کیا کہ ناخن کاٹنا اور سر منڈانا ذوالحجہ کے دس دنوں میں اپ نے اس کے متعلق فرمایا کہ سنت کو مؤخر نہ کیاجائے جبکہ اس کے متعلق حکم واردہے تاہم تاخیر واجب نہیں ہے اھ تویہ استحباب پر محمول ہے اور وجوب کی نفی استحباب کے منافی نہیں ہے لہذا مستحب ہے ہاں اگر اباحت کی مدت پر تاخیر کو مستلزم ہو تو مستحب نہ ہوگا،اباحت کی مدت کی انتہا چالیس روز ہے تو اس سے زیادہ تاخیر مباح نہ ہوگی اھ مختصرًا واﷲ تعالٰی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔