ایک صاحب کتے کو نجس العین بتاتے ہیں۔ اور کہتے ہیں کہ درمختار میں حضرت امام اعظم نے کتیا کے پلے کو بغل میں دبا کر نماز پڑھنا جائز لکھا ہے؟
یہ اس شخص کا افتراء محض ہے۔ نہ درمختار امام اعظم کی تصنیف ہے ، نہ اس قائل کو جو از فعل و صحت عمل مع عدم جواز الفعل میں تمیز ہے ۔ جو از بمعنی صحت و بمعنی اباحت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ اول ہر گز مستلزم ثانی نہیں ۔ بہت افعال کہ مکروہ تنزیہی بلکہ تحریمی بلکہ حرام ہیں ، منافی صحت نماز نہیں ہوتے ۔ تو نماز ان افعال کے ساتھ جائز ہوگی یعنی صحیح و مسقط فرض ۔ مگر وہ فعل جائز مباح نہ ہوگا بلکہ حرام یا گناہ یا نا پسند ۔ ہمارے علماء کہ محل کلب وغیرہ سباع سوائے خنزیر کے ساتھ نماز جائز جانتے ہیں جو از بمعنی صحت میں کلام فرمارہے ہیں ۔ معاذ اللہ یہ نہیں فرماتے کہ بے ضرورت شرعیہ ایسا فعل مکروہ و نا پسند نہیں ۔ غیر مقلدین وہابیہ کا اس مسئلہ کو مطاعن ائمہ عظام حنفیہ کرام خصہم الله باللطف العام میں شمار کرنامحض سفاہت وبے عقلی ہے ۔ حضرات صاحبین اور ان کے موافقین رحم اللہ تعالی کے نزدیک تو کتا نجس العین ہے۔ اور طاہر ماننے والوں سے بھی ایک جماعت عظیم مطلقاً ان صورتوں میں نماز فاسد بتاتے ہیں۔ رہے قائلین طہارت، وہ بھی اسائت و کراہت کی تصریح کرتے ہیں۔ ان کا مطلب صرف اس قدر ہے کہ اگر کسی شخص نے کسی ضرورت و حاجت خواہ اپنی نادانی و جہالت سے ایسا کیا تو نماز باطل نہ ہوگی۔ اس میں معاذ اللہ کیا طعن ہے؟ ہاں اگر فرماتے کہ ایسا کرنا چاہئے یا کرے تو کوئی ناپسندیدہ نہیں تو ایک بات تھی ۔ مگر جانتا ہوں وہ اس تہمت سے پاک و منزہ ہیں وللہ الحمد ۔
بالجملہ ہمارے امام اعظم رضی اللہ عنہ کے مذہب میں یہ جانور، سائر سباع کے مانند ہے کہ لعاب نجس اور عین طاہر ۔ یہی مذہب صحیح و معتمد و موید بدلائل قرآن و حدیث و مختار و ما خوذ للفتوى عند جمہور مشایخ القديم والحدیث ہے۔
امام ابوالبرکات محمود نسفی کافی میں فرماتے ہیں: الْكَلْبُ لَيْسَ بِنَجِسِ الْعَيْنِ۔
حلیہ میں ہے: " كون الكلب ليس بنجس العين وهو المرجح في المختصر والهداية والوقاية والنقاية والمختار والكنز والوافي والاصلاح ونور الايضاح والملتقى والتنوير - كل اهاب دبغ فقد طهر الاجلد الخنزير والادمى فمقتضى هذه الكلية طهارة جلد الكلب بالدباغ - هكذا في مجمع الانهر ومتنه ملتقى الابحر وجامع الرموز ومراقي الفلاح والتيسير والبزازية والدر المختار وغير ذلك من معتمدات الاسفار - " والله تعالى اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔