کیا فرماتے ہیں مفتیان دین و ملت اس مسئلہ میں کہ:
ایک بکرا جسے بچپن میں کتے نے کاٹ لیا تھا اس کی قربانی جائز ہے یا نہیں؟ اور اس کا گوشت کھانے میں شرعا کوئی خرابی تو نہیں ہے؟ بینوا توجروا
زخمی شدہ بکرا اگر اس کا زخم مندمل ہو گیا ہو اور اس جگہ دوسرے بال نکل آئے ہوں اور وہ زخم گھٹلی کی شکل اختیار نہ کیا ہو تو ایسے بکرے کی قربانی بلا کراہت جائز ہے۔ اور اس کا گوشت کھانے میں شرعا کوئی قباحت نہیں۔ اور اگر وہ زخم گٹھلی کی طرح ہو کر مندمل ہوا ہو اور وہاں دوسرے بال بھی نہ جمے ہوں تو اس کی قربانی قباحت کے ساتھ جائز ہے۔ کہ یہ عیب ہے مگر عیب فاحش نہیں۔ حضرت صدر الشریعہ علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں: "قربانی کا جانور عیب سے خالی ہونا چاہئے اور تھوڑا سا عیب ہو تو قربانی ہو جائے گی مگر مکروہ ہوگی۔(بہار شریعت، حصہ پانزدہم، صفحہ 140) اور فتاوی عالمگیری جلد پنجم صفحہ 298 پر ہے: ”وَأَمَّا صِفَتُهُ: فَهُوَ أَنْ يَكُونَ سَلِيمًا مِنْ الْعُيُوبِ الْفَاحِشَةِ كَذَا فِي الْبَدَائِعِ.“(1)
والله تعالي اعلم
(1) ↩الفتاوى العالمكيرية = الفتاوى الهندية – محمد أورنك عالم كير، ج 5، ص 297، کتاب الأضحية، الباب الخامس في بيان محل إقامة الواجب
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔