مرد کے کس مرض کی بنا پر عورت کو کب نکاح فسخ کروانے کی اجازت ہے؟
خاوند کے مجنون ہونے کی وجہ سے شرعا نکاح فسخ نہیں ہو سکتا، بہار شریعت میں در مختار کے حوالہ سے تحریر فرمایا اگر شوہر میں کسی قسم کا عیب ہے مثلاً جنون، جذام ، برص یا عورت میں عیب ہو کہ اس کا مقام بند ہو یا اس جگہ گوشت یا ہڈی پیدا ہو گئی ہو تو فسخ کا اختیار نہیں ۔ رہی یہ بات کہ مرد عنین ہے، تو عنین کا حکم یہ ہے کہ عورت قاضی شرع کے سامنے خاوند کے عنین ہونے کا دعوی کرے۔ قاضی خاوند کو بلا کر پوچھے اگر خاوند عنین ہونے کا اقرار کرے تو قاضی اس کو ایک سال کی مہلت دے اگر سال کے اندر شوہر نے وطی کر لی تو عورت کا دعویٰ ساقط ہو جائے گا۔ اور اگر ( سال تک ) جماع نہ کیا اور عورت جدائی کی خواستگار تو قاضی اس شخص عنین کو طلاق دینے کو کہے اگر طلاق دیدے تو بہتر ورنہ قاضی میاں بیوی کے درمیان تفریق کر دے۔ بہر صورت، صورت مذکوره میں وه عورت بدستور اپنے اس خاوند کی بیوی ہے، دوسری جگہ بغیر صورت مذکوره بالا کے کسی جگہ نکاح نہیں کر سکتی، بغیر صورت مذکوره کے دوسری جگہ نکاح کرنے والے، کرانے والے، دیده دانستہ گواه بننے والے، مجلس نکاح میں شریک ہونے والے، سب گناہگار ہیں۔ والله تعالیٰ و رسولہ الاعلیٰ اعلم۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔