ایک شخص جو کہ کسی بزرگ کے مزار پر رہتا ہے اور بھنگ بھی پیتا ہے، نیز اس کا معمول یہ ہے کہ وہ لوگوں سے چندہ اکٹھا کر کے بکرا بھی لاتا ہے اور بکرے پر پانی چھڑکتا ہے۔ وہ بکرا پانی چھڑکتے وقت کانپ جائے، تو وہ یہ کہتا ہے کہ میرے پیر نے اس کو قبول کر لیا ہے؛ اور بکرا پانی چھڑکتے وقت نہ کانپے، تو وہ یہ کہتا ہے کہ بزرگ صاحب نے منظور نہیں کیا۔ وہ اس طرح سے بکرا ذبح کر کے لوگوں کو کھلاتا ہے۔ علاوہ ازیں، وہ نماز کا بھی تارک ہے، لوگ اس طرح سے گمراہ ہوتے جا رہے ہیں۔ آپ فرمائیے، ایسے بکرے کا گوشت کھانے کے متعلق یا ایسے آدمی کے متعلق شریعت کا کیا حکم ہے؟ بینوا توجروا۔
قرآن پاک میں ہے:فَكُلُوْا مِمَّا ذُكِرَ اسْمُ اللّٰهِ عَلَیْهِ
نیز اس میں ہے: وَ لَا تَاْكُلُوْا مِمَّا لَمْ یُذْكَرِ اسْمُ اللّٰهِ عَلَیْهِ جس کا مطلب یہ ہے کہ جس حلال جانور پر ذبح کے وقت اللہ تعالیٰ کا نام ذکر کیا جائے، اس کو تم کھاؤ، اور جس جانور پر ذبح کے وقت اللہ تعالیٰ کا نام نہ لیا جائے، اس کو نہ کھاؤ۔ صورتِ مسئولہ میں جب کہ بکرے کو صرف اللہ ہی کا نام لے کر ذبح کیا گیا ہے، تو اس بکرے کا گوشت حلال و طیب ہے، کھانے میں شرعاً کوئی قباحت نہیں۔ لیکن بکرے پر پانی چھڑکنا اور اس کے کانپنے کو قبولیت کی علامت قرار دینا اور نہ کانپنے کو عدمِ قبولیت کی علامت قرار دینا بے کار و بیہودہ ہے، بری حرکتیں اور بری رسمیں ہیں، جو نہ کرنی چاہئیں۔ لیکن ان بری رسموں کی وجہ سے بکرے کی حلت و حرمت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
وہ آدمی بھنگ پینے اور اس کا عادی ہونے کی وجہ سے اور بے نمازی ہونے کی وجہ سے بہت گنہگار ہے، فاسق و فاجر ہے۔ اس پر لازم ہے کہ توبہ کرے اور عہد کرے کہ آئندہ کبھی بھنگ نہ پیئے گا اور نہ کبھی پنجگانہ نماز ترک کرے گا، اور فوت شدہ نمازوں کی قضا کرے گا جو اس کے ذمہ ضروری ہیں۔ بزرگانِ دین کے مزاروں پر ایسے لوگوں کو رکھنا چاہیے جو کہ بزرگانِ دین کے طریقہ پر چلیں، ان کو نہیں رکھنا چاہیے جو کہ بزرگانِ دین کے طریقہ کے خلاف چلیں (جیسے) بھنگی، چرسی، بے نمازی ہوں۔ واللہ تعالیٰ و رسولہ الأعلم۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔