کیا فرماتے ہیں حضور مفتی صاحب قبلہ ! اس مسئلہ میں کہ:
اگر کسی عورت کا آپریشن کے ذریعے وضع حمل اور بچہ کی ولادت ہوئی اور اس سے خون آیا تو وہ نفاس کا ہے یا نہیں؟ اور عورت نفاس والی ہوگی یا نہیں مسئلہ کی وضاحت فرمائیں مہربانی ہوگی۔
باسمه تعالىٰ وتقدس
الجواب بعون الملك الوهاب
نفاس وہ خون ہے جو عورت کے رحم سے بچے کی ولادت کے بعد آتا ہے۔ فتاوی عالمگیری میں ہے: وَهُوَ دَمٌ يَعْقُبُ الْوِلَادَةَ كَذَا فِي الْمُتُونِ .(الفتاوى العالمگيرية، ج ۱، ص : ٣٧)
اور رحم سے آنے کا مطلب فرج یعنی شرمگاہ سے آنا ہے البحر الرائق میں ہے: وَأَرَادَ الْمُصَنِّفُ بِالدَّمِ الدَّمَ الْخَارِجَ عَقِبَ الْوِلَادَةِ مِنْ الْفَرْجِ.(البحر الرائق، ج ۱، ص: ۳۷۸)
اسی لئے فقہاے کرام فرماتے ہیں کہ اگر عورت کے پیٹ میں زخم تھا جس سے پیٹ پھٹ گیا اور بچہ ناف کے ذریعہ باہر آ گیا تو اب جو خون پیٹ پھٹنے سے ناف کے ذریعے آ رہا ہے وہ نفاس نہیں کہلائے گا اور عورت نفاس والی نہیں ہوگی۔ چنانچہ البحر الرائق میں فرمایا: فَإِنَّهَا لَوْ وَلَدَتْ مِنْ قِبَلِ سُرَّتِهَا بِأَنْ كَانَ بِبَطْنِهَا جُرْحٌ فَانْشَقَّتْ وَخَرَجَ الْوَلَدُ مِنْهَا تَكُونُ صَاحِبَةَ جُرْحٍ سَائِلٍ لَا نُفَسَاءَ.(حوالہ سابق)
اور اگر بچہ تو بذریعہ ناف نکلا مگر خون شرمگاہ سے آیا تو وہ نفاس کا ہوگا اور عورت نفسا ہو گی۔ اسی میں ہے:إلَّا إذَا سَالَ الدَّمُ مِنْ الْأَسْفَلِ فَإِنَّهَا تَصِيرُ نُفَسَاءَ وَلَوْ وَلَدَتْ مِنْ السُّرَّةِ؛ لِأَنَّهُ وُجِدَ خُرُوجُ الدَّمِ مِنْ الرَّحِمِ عَقِبَ الْوِلَادَةِ (سابق حوالہ)
اس تفصیل سے واضح ہوا کہ اگر عورت کو بچہ کی ولادت بذریعہ آپریشن ہوئی اور خون شرم گاہ کی بجائے کہیں اور سے نکلا تو وہ نفاس نہیں ہے اور اگر شرم گاہ سے آیا تو نفاس ہے اور عورت نفاس والی ہوگی۔واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔