ایک شخص اپنی چچانی یا ممانی کے ساتھ نکاح کرے بعد انتقال اپنے چچا اور ماموں کے یہ نکاح درست ہے یا نہیں؟
درست ہے جبکہ رضاعت وغیرہ کوئی مانع نہ ہو۔ قال تعالى: وَ اُحِلَّ لَكُمْ مَّا وَرَآءَ ذٰلِكُمْ۔ (1) والله تعالى اعلم
(1) ↩ترجمۂ کنزُ الایمان: اور ان کے سوا جو رہیں وہ تمہیں حلال ہیں ۔(پارہ 5، النساء:24) تفسیرِ صراط الجنان میں مفتی قاسم صاحب لکھتے ہیں: یعنی جن عورتوں سے نکاح حرام ہے ان کے علاوہ تمام عورتوں سے نکاح حلال ہے۔ لیکن یہ یاد رہے کہ مزید کچھ عورتیں ایسی ہیں کہ جن کا ذکر مذکورہ بالا آیات میں اگرچہ نہیں مگر ان سے نکاح حرام ہے جیسے چار عورتوں کے نکاح میں ہوتے ہوئے پانچویں سے نکاح، مُشرکہ عورت سے نکاح، تین طلاقیں دینے کے بعد حلالہ سے پہلے اسی عورت سے دوبارہ نکاح، اسی طرح پھوپھی بھتیجی، خالہ بھانجی کو ایک شخص کے نکاح میں جمع کرنا یونہی طلاق یا وفات کی عدت میں نکاح کرنا حرام ہے البتہ ان سے ہمیشہ کے لئے نکاح حرام نہیں ، نکاح میں جو رکاوٹ ہے وہ ختم ہونے کے بعد ان سے نکاح ہو سکتا ہے۔(ابو سلمان عطاری مدنی)
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔