مسئلہ: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں :
عادل پور موضع ہے جہاں پر مسجد پختہ ہے۔ موضع کا مزرع "انصاف پور" ہے جہاں پر مسجد خام ہے۔ انصاف پور میں ایک سنی عالم دین پیر کامل ہیں ۔ سید صاحب کے حکم سے جمعہ قائم ہوا۔ عادل پور اور انصاف پور دونوں بستیوں کے لوگ نماز جمعہ ادا کرنے لگے یہ دونوں بستیاں بالکل ہی ملی جلی قریب سے قریب ترین ہیں ۔ انصاف پور کی جامع مسجد پختہ کرنے کے لیے گرائی گئی تو متفقہ طور سے دونوں بستیوں کے لوگوں نے عادل پور والی پختہ مسجد میں نماز جمعہ قائم کیا۔ انصاف پور کی جامع مسجد اب تک غیر تکمیل ہے۔ انصاف پور کے چند لوگوں نے جن میں کوئی امام بھی جامع حقوق امامت نہیں ہے۔ دنیاوی حرص و ہوا میں بزعم خود بلا حکم عالم دین انصاف پور میں بھی نماز جمعہ قائم کر لیا۔ ادھر عادل پور کی پوری سنی عوام اور انصاف پور کی آدھی سنی عوام عادل پور میں ہی بدستور نماز جمعہ ادا کرتی ہے۔ اور چند حضرات انصاف پور والی مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے لگے۔
(۱) کیا انصاف پور والوں کا یہ عمل جائز ہے کہ جماعت میں تفریق پیدا کریں؟
(۲) کیا جماعت کو بلا وجہ شرعی مشتر کہ کر کے الگ نماز جمعہ قائم کرنا درست ہے؟
(۳) تفریق جماعت بلا وجہ شرعی کو تفریق دینی کہنا جائز ہے یا نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهــــــــــاب
جمعہ کے لیے مصر یا فنائے مصر شرط ہے، دیہاتوں میں جمعہ فرض نہیں بلکہ دیہات والوں پر ظہر ہے۔ لقولہ علیہ السلام : لَا جُمُعَةَ، وَلَا تَشْرِيقَ، وَلَا صَلَاةَ فِطْرٍ وَلَا أَضْحَى، إِلَّا فِي مِصْرٍ جَامِعٍ، أَوْ مَدِينَةٍ عَظِيمَةٍ (مصنف ابن أبي شيبة ، ج:1، ص: 439، کتاب الصلاة، کتاب الجمعة، باب من قال: لا جمعة، ولا تشريق إلا في مصر جامع، الحديث :5059، دار التاج ) مصر ہر وہ جگہ ہے جہاں ایسا حاکم با وقار رہتا ہو جو ظالم سے مظلوم کا بدلہ لے سکے۔ اور یہ تعریف ہمارے ملک میں صرف ضلع یا تحصیل پر صادق آتی ہے۔ فنائے مصر ہر وہ جگہ ہے جو شہر کی مصلحتوں کے لیے رکھی گئی ہو جیسے عید گاہ ، گھوڑ دوڑ کا میدان وغیرہ۔
وہ دیہات جہاں جمعہ قائم ہوا سے منع نہ کیا جائے کہ وہ نام الہی لیتے ہیں، ہاں جمعہ کے بعد ظہر کا فرض ضرور پڑھ لینا چاہیے۔ لیکن جہاں قائم نہ ہو وہاں قائم نہیں کر سکتے ۔ کہ دیہات میں جمعہ فرض نہیں۔ لہذا جہاں پہلے قائم ہو چکا تھا وہیں باقی رکھیں نئی جگہ قائم نہیں کر سکتے۔
(1) انصاف پور میں پہلے جمعہ قائم ہوا لہذا یہاں جمعہ پڑھنے والے پر تفریق جماعت کا الزام عائد نہیں ہو سکتا۔
(۲) درست نہیں۔
(۳) تفریق جماعت بلا وجہ شرعی کو تفریق دینی کہا جائے گا۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔