کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں
کہ مصلیان جامع مسجد در حال ملکان نے مسجد کے لیے چندہ کیا اور امام صاحب کے لیے مسجد کی طرف سے کوئی ٹھہرنے کا انتظام نہیں ہے لہذا اس صورت میں امام صاحب کے لیے مسجد کے چندے سے مکان تعمیر کیا جاسکتا ہے یا نہیں قرآن وحدیث کی روشنی میں با تفصیل تحریر فرمائیں۔
مسئله از : احقر العباد ملک محمد آصف رضا بڑی در حال ملکان ضلع راجوری، جموں و کشمیر ( انڈیا )
باسمه تعالى وتقدس
الجواب بعون الملك الوهاب
جن لوگوں نے چندہ دیا ہے اگر وہ اجازت دیدیں تو ان کی دی ہوئی رقم سے امام صاحب کا حجرہ بنوانا جائز ہے۔ ور نہ نہیں کیوں کہ چندہ کی رقم چندہ دینے والوں کی ملک میں رہتی ہے لہٰذا اگر وہ اجازت دیدیں تو بنایا جاسکتا ہے۔ حضور صدر الشریعہ قدس سرہ سے اسی قسم کا سوال ہوا تو آپ نے فرمایا : چندہ دہندگان سے دریافت کیا جائے وہ جو کہیں وہ کیا جائے ۔ (1) اور اگر پہلے سے ہی لوگوں کو معلوم ہے کہ اس چندہ سے مسجد اور امام کا حجرہ بنے گا تو دوبارہ اجازت کی بھی حاجت نہیں اس رقم سے مسجد وحجرہ دونوں بنانا جائز ہے۔ هكذا قال الفقهاء الكرام والعلماء العظام زادهم الله تعالى شرفا وتكريما والله تعالى اعلم بالصواب واليه المرجع المآب.
الجواب صحیح: محمد قمر عالم قادری
كتبه : محمد اختر حسین قادری
٢٦ رجب المرجب ۱۳۲۴ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔