اہل سنت و جماعت کے مدرسوں کے شائع شدہ اشتہارات احکام عید الاضحیٰ جس میں شہر کے مسلمانوں کے لیے نماز عید کے بعد اور دیہات والوں کے لیے طلوع فجر کے بعد قربانی کرنا جائز بتایا گیا ہے۔ زید جو اپنے کو سنی اور حشمتی کہتا ہے اشتہارات کو دیکھنے کے بعد یہ کہے کہ ان لوگوں کو لکھنے کی تمیز نہیں، یہ اشتہارات غلط ہیں، لکھنے والے توبہ کریں۔ از روے شرع زید کے لیے کیا حکم ہے؟
نماز عید سے پہلے شہر میں قربانی جائز نہیں، یہ حدیث سے ثابت ہے ، بخاری و مسلم میں ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا : مَنْ ذَبَحَ قَبْلَ أَنْ يُصَلِّي فَلْيَذْبَحْ أُخْرَى مَكَانَهَا.(صحيح البخاری، ص: ١٣٤ ، كتاب العيدين / باب كلام الإمام والناس، مجلس البركات، مبارك فور)
جس نے نماز سے پہلے قربانی کی وہ نماز کے بعد اس کی جگہ دوسری قربانی کرے۔ زید اس کو غلط بتا رہا ہے یہ بہت بڑی اسکی بے باکی اور جراءت ہے ، وہ بے علم ہے اور صحیح فتویٰ کے خلاف فتوی دے رہا ہے، یہ بہت بڑا جرم ہے حدیث میں فرمایا: من أفتى بغير علم لعنته ملائكة السماء والأرض. (الجامع الصغير، ج: ۲، ص: ۲۷۲ ) جو بے علم فتوی دے اس پر آسمان و زمین کے فرشتے لعنت کرتے ہیں۔ زید پر تو بہ فرض ہے۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔