کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ
1)زید اس بستی کا باشندہ ہے جہاں ذمہ داران شریعت نے جمعرات کو 10ذی الحجہ تسلیم کی تھی، زید نے دوسرے مقام میں تنہا جاکر بدھ کو نماز عید وہاں کے لوگوں کے ساتھ پڑھی اور واپس آکر قربانی کر دی جب کہ یہاں عید کی نماز تمام بستی والوں نے جمعرات کو ادا کی، اس کے بعد قربانی کی، اس وقت میں کیا زید کی قربانی صحیح ہو گئی ؟ جب کہ ہندیہ میں ہے: مُحَمَّدٌ - رَحِمَهُ اللهُ تَعَالَى - : أَنْظُرُ فِي هَذَا إِلَى مَوْضِعِ الذَّبْحِ دُونَ الْمُذْبُوحِ عَنْهُ.
2)یہ قربانی دیہات میں بغیر نماز ادا کیے کی گئی جب کہ یہاں کی رو سے بدھ کو 9/ذی الحجہ تھی، کیا اس کا گوشت اغنیا کھا سکتے ہیں ؟ کتب فقہ سے معلوم ہوتا ہے کہ قربت میں خلل کی صورت میں گوشت صدقہ کر دینا چاہیے۔
3)زید کا یہ عمل انفرادی حیثیت سے شرعا کیسا ہے ؟
نجم الحسن پوسٹ مقام خیر آباد، سیتاپور ، یوپی
(1)زید کی قربانی نہیں ہوئی۔ واللہ تعالی اعلم
(2)اس مذبوح جانور کا گوشت اغنیا بھی کھا سکتے ہیں۔ یہ قربت نہیں ہوئی، یہ ایسے ہی ہوئی جیسے کوئی گوشت کھانے کے لیے بکری ذبح کرے پھر آپ نے ایک بہت ہی مہمل جملہ لکھا ہے قربت میں خلل کی صورت میں گوشت صدقہ کر دینا چاہیے ، اس کا کوئی مطلب ہی نہیں بنتا ہے ، ایسی مہمل بات کتب فقہ میں کیوں کر ہو سکتی ہے۔ واللہ تعالی اعلم
(3)اگر اس جگہ جہاں اس نے نماز پڑھی ہے ۲۹ /کی رویت کا ثبوت مل گیا تھا تو زید کی نماز صحیح ہوگئی اور زید پر عیدین کی نماز کے ترک کا وبال نہیں البتہ اس پر اگر قربانی واجب تھی تو اس پر ترک واجب کا وبال ہے، کہ اس نے قربانی چھوڑ دی اب اس پر واجب ہے کہ زندہ جانور صدقہ کرے اور جہاں زید نے نماز پڑھی وہاں امسال کے ذی الحجہ کی رویت ۲۹ کا شرعی ثبوت نہیں ملا تھا تو اس کی نماز عید الاضحیٰ بھی نہیں ہوئی، اب اس پر دو واجب کے ترک کا وبال رہا۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔