زید کہتا ہے کہ میرے تین لڑکے ہیں اور تینوں میرے ساتھ میں ہیں اور تینوں کی ملازمت بھی الگ الگ ہے اور تینوں کی آمد و خرچ بھی الگ الگ ہے ، لیکن تینوں لڑکے زید کو ہر ماہ مثلاً تین تین سو روپے دیتے ہیں صرف گھر خرچ کے لیے۔ اس کے علاوہ زید کچھ نہیں جانتا کہ میرے لڑکے کتنا کماتے ہیں اور کتنا جمع کرتے ہیں۔ اب قربانی دینا ہے تو کس پر واجب ہوگی، تینوں لڑکوں پر یا زید پر ؟ جب کہ زید گھر خرچ کے علاوہ کچھ رقم نہیں جانتا ہے کہ میرے لڑکے کتنا کماتے ہیں اور کتنا جمع کرتے ہیں ، صرف زید تینوں لڑکوں کے ساتھ شامل ہے اور کھاتا ہے اور زید ہی کے مشورہ سے ہر کام ہوتا ہے۔ اس لیے آپ علماے کرام سے گزارش ہے کہ اس کا تفصیلی جواب قرآن و حدیث کی روشنی میں عنایت فرمائیں۔
اگر زید خود اور اس کے تینوں لڑکے سب کے سب علاحدہ علاحدہ مالک نصاب ہوں تو سب پر اپنی اپنی طرف سے قربانی واجب ہے ، مثلاً تینوں لڑکے زید کو جو کچھ دیتے ہیں اسے خرچ ہونے کے بعد ایام قربانی میں زید کے پاس اتنا روپیہ جمع ہے جو چھپن روپیہ بھر چاندی کی قیمت کا ہے تو زید پر خود اپنی طرف سے بھی قربانی واجب ہے۔ اسی طرح زید کے تینوں لڑکے جو کچھ کماتے ہیں ان میں سے ضروری اخراجات کے بعد ایام قربانی میں بقدر نصاب پیسے ہوں تو ان پر بھی اپنی اپنی طرف سے قربانی واجب ہے۔ لڑکے جب ملازمت کر رہے ہیں اور ہر ایک کی آمد و خرچ علاحدہ علاحدہ ہے تو سب اپنی اپنی کمائی کے مالک ہیں۔ اور جب زید کو وہ ماہانہ نقد دیتے ہیں تو جتنا زید کو دیتے ہیں زید ان کا مالک ہے اب جب اس کے پاس ایام قربانی میں بقدر نصاب مال جمع ہو گا تو خود اس پر اپنی طرف سے قربانی واجب ہوگی۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔