قربانی کے جانور کو اگر عورت کے نام سے ذبح کرنا ہے تو اس کی ولدیت میں ماں کا نام رہے گایا باپ کا۔ ہمارے یہاں کچھ لوگ ماں کا نام لگاتے ہیں اور کچھ لوگ باپ کا۔ کچھ کا کہنا ہے کہ اگر مرد کے نام کی قربانی ہے اور اس کے باپ کا نام معلوم نہیں تو اس کی ولدیت میں حضرت آدم علیہ السلام کا نام رہے گا اور اسی طرح عورت کی ولدیت کی جگہ حضرت حوا علیہا السلام کا نام رہے گا۔ کیا ایسا کہنا درست ہے۔ مدلل اور تفصیلی جواب سے نوازیں۔
رفیق احمد انصاری، محلہ دلال ٹولہ ، قصبہ جلال پور ، فیض آباد، یوپی
قربانی کی جو دعائیں مذکور ہیں ان کا پڑھنا مسنون ہے اگر نہ بھی پڑھی جائے تو قربانی ہو جائے گی قربانی صحیح ہونے کے لیے جو بات ضروری ہے وہ یہ ہے کہ جس کے نام سے قربانی ہو وہ قربانی کی نیت کرلے کہ فلاں جانور کی قربانی کی میں نے نیت کی مثلا اس بکری کی یا اس بھینس کے ساتویں حصے کی۔ قربانی کی نیت سے جانور خرید نا بھی نیت ، اس صورت میں مزید کسی نیت کی ضرورت نہیں، لیکن جانور کسی اور نے خریدا اور قربانی کسی اور کی طرف سے ہورہی ہے تو جس کے نام سے قربانی ہو اس کی نیت ضروری ہے اور بعد میں جو دعا پڑھی جاتی ہے یہ مسنون ہے۔ اگر عورت شادی شدہ ہے تو عورت کے ساتھ زوجہ فلاں لگائیں ورنہ ماں کا نام معلوم ہو تو ماں کا ور نہ باپ کا۔ اور اگر ماں باپ کا نام بھی معلوم نہیں تو حضرت آدم و حوا علیہما السلام میں سے جس کسی کا نام لیا جائے گا صحیح ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ مرد کے لیے حضرت آدم کا نام لے اور عورت کے لیے حضرت حوا کا۔ واللہ تعالی اعلم۔
۲۹ / ذی الحجہ ۱۴۰۹ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔