کیا کسی حاملہ عورت کا نکاح کسی اور شخص سے جن کا حمل نہ ہو پڑھایا جا سکتا ہے؟ اور ایسا نکاح پڑھانے والا شخص قاضی یا امام بننے کے قابل ہے؟
الجواب بعون الملك الوهـــــــــــــاب
اگر وہ حمل شوہر کا ہے اور اس نے طلاق نہیں دی ہے یا طلاق دیدی ہے مگر عدت میں ہے تو اس کا نکاح کسی دوسرے شخص کے ساتھ نہیں ہو سکتا۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے : وَ الْمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِهِنَّ ثَلٰثَةَ قُرُوْٓءٍ (البقرة :228) اگر وہ حمل زنا کا ہے تو زانیہ کا نکاح زانی اور غیر زانی دونوں سے صحیح ہے، پھر اگر وہ حمل اسی کا ہے تو اس سے وطی بھی جائز ہے اور اگر اس کا حمل نہیں تو تا وضع حمل اس سے وطی جائز نہیں۔ فتاوی عالمگیری میں ہے :" وَقَالَ أَبُو حَنِيفَةَ وَمُحَمَّدٌ - رَحِمَهُمَا اللهُ تَعَالَى - يَجُوزُ أَنْ يَتَزَوَّجَ امْرَأَةً حَامِلًا مِنْ الزِّنَا وَلَا يَطَؤُهَا حَتَّى تَضَعَ" دو سطر بعد ہے: "إذَا تَزَوَّجَ امْرَأَةً قَدْ زَنَى هُوَ بِهَا وَظَهَرَ بِهَا حَبَلٌ فَالنِّكَاحُ جَائِزٌ عِنْدَ الْكُلِّ وَلَهُ أَنْ يَطَأَهَا عِنْدَ الْكُلِّ" (الفتاوى الهندية، ج1، ص 280، کتاب النکاح، الباب الثالث، القسم السادس المحرمات التي يتعلق بها حق الغير) ایسا نکاح پڑھانے والے پر کوئی مواخذہ نہیں۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔