عمرو کی شادی ایسی جگہ ہوئی، جہاں کے مولوی صاحب، کم علم، رواج کے مطابق اس طرح نکاح پڑھاتے ہیں کہ: "مومنوں کی لڑکی کا نکاح فلاں بن فلاں سے کر دیا، کیا قبول ہے؟" اس میں نام نہیں لیا گیا، لڑکے کو پہلے تو پتہ بھی نہ ہوا، اور قبولیت صرف ایک بار، اور لڑکی کو کلمے نہیں پڑھائے۔ لڑکی سے جب اجازت لی جاتی ہے تو وہ نہ ہاں کرتی ہے، اور نہ نا کرتی ہے۔ تو کیا شرعاً نکاح ہو گیا؟
جب طلاق میں تین دفعہ ضروری ہے، تو نکاح، اقرار ایک طرف، خاموشی دوسری طرف، ایک قبولیت سے مکمل ہو گا؟ اگر نہیں، اور نکاح کرانے والے مکمل سمجھیں، تو کیا سب کا سب زنا ہوگا، اور بچے؟
کسی صورت میں، اگر لڑکی شرم کی وجہ سے نکاح کے وقت زبان سے اقرار نہیں کرتی، تو کیا وجہ ہے کہ کوئی مجبوری میں منافقاً مرزائیوں سے کام نکال لے، تو بھی مسلمان نہ رہے، اور اس کا نکاح ٹوٹ جائے، حالانکہ دونوں حالتوں میں ان کی تصدیق ہے۔
نکاح میں لڑکی کا نام ضروری نہیں، بلکہ اس کا تعین ضروری ہے، جیسے: فلاں بن فلاں کی سب سے بڑی لڑکی، یا سب سے چھوٹی، یا بڑی سے چھوٹی، یا چھوٹی سے بڑی۔ اگر خاوند کو اس کی دلہن کا نام معلوم نہ ہو تو بھی کوئی بات نہیں۔ ہاں، خاوند کے نزدیک بھی اس لڑکی کا تعین ضروری ہے۔
نکاح میں لڑکی یا لڑکے کی طرف سے ایک دفعہ ایجاب و قبول ہونا کافی ہے۔ تین دفعہ ایجاب و قبول کراتے ہیں، یہ بطورِ تاکید ہے، ضروری نہیں۔
شوہر تین طلاق کا مالک ہوتا ہے۔ شوہر اگر اپنی بیوی کو ایک طلاق دے تو ایک واقع ہوتی ہے، اور اگر دو دے تو دو، اگر تین دے تو تین طلاقیں ہوتی ہیں۔ ایسا نہیں کہ تین دے تو ایک واقع ہو۔ ایجاب و قبول اور چیز ہے، اور طلاق دینا اور چیز ہے۔
لڑکی کنواری سے اس کا ولی، یا ولی کا وکیل، یا قاصد، نکاح کی اجازت کے لیے گیا، تو وہ خاموش رہی، تو اس کا خاموش رہنا شریعت میں اقرار کے قائم مقام ہے، جیسا کہ حدیثِ شریف میں ہے۔ لڑکی ثیبہ، یعنی اگر کنواری نہ ہو، تو اس کو زبان سے اقرار کرنا ضروری ہے۔
کلمۂ کفر ایسی چیز ہے کہ جب انسان کسی اپنے فائدے کے لیے اور غرض کی بناء پر کہہ دے، تو انسان شرعاً کافر ہو جاتا ہے، اور اس پر احکامِ کفر جاری ہوتے ہیں۔ شریعتِ مطہرہ نے منافقت، غداری، خیانت، کذب بیانی اور دروغ گوئی کو مٹایا ہے۔
نکاح کے وقت باکرہ، یعنی کنواری لڑکی، کا نکاح کی اجازت لیتے وقت خاموش رہنا منافقت نہیں ہے، کفر نہیں ہے، بلکہ نکاح کی رضا و اجازت ہے۔ اور ظاہر مرزائی، قادیانی بننا، سکھ، ہندو، انگریز بننا، یہ اسلام سے کھلی دشمنی ہے۔
مولیٰ عز و جل اخلاص، ایمان، دیانت، امانت، اور ظاہری و باطنی دین کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائے۔
لڑکے لڑکی کو نکاح کے وقت کلمے پڑھانا ضروری نہیں، جب کہ وہ پہلے مسلمان ہیں۔ کلمے پڑھانا تو ایمان کی تازگی ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔