مکرمی و محترمی جناب مفتی صاحب قبلہ السلام علیکم
عرض ہے کہ ایک شخص پیشاب اور پاخانے کے بعد مٹّی کا ڈھیلا نہیں لیتا ہے صرف پانی سے استنجا کرتا ہے، دوسرا اپنی داڑھی غیر شرعی طور پر رکھے ہوئے ہے یعنی صرف ٹھوڑی پر بال رکھتا ہے، باقی سب بال اُسترے سے صاف کرتا ہے۔ اور یہ لوگ تارک سنت بھی ہیں ۔ ان دونوں میں سے کسی کے پیچھے نماز جائز ہے؟ براہ کرم تفصیلی جواب سے آگاہ فرمائیں کہ اس مسئلہ میں بزرگان دین اور علمائے دین کیا فرماتے ہیں۔ فقط والسلام
الجواب بعون الملك الوهـــاب
ڈھیلے وغیرہ سے استنجا کرنا سنت غیر مؤکدہ ہے جس کے کرنے پر ثواب اور نہ کرنے پر گناہ نہیں۔ اگر استنجاء کرنے والے کو صرف پانی پر اطمینان ہو جاتا ہے تو اس پر شرعا کوئی گناہ نہیں۔ اگر وہ سنی صحیح العقیدہ اور مسائل نماز طہارت سے واقف ہے تو اس کے پیچھے نماز بلا کراہت جائز ہے۔ ہاں داڑھی منڈانا یا ایک مشت سے کم کرنا حرام ہے اور ایسا شخص فاسق معلن ہے اور فاسق معلن کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی ۔ لہذا حد شرع سے داڑھی کم کرنے والا مستحق امامت نہیں ۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔