کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین ذیل کے مسئلہ میں کہ:
ہماری مسجد میں ایک چھوٹا ٹانکہ ہے اس میں پھولا ہوا گرگٹ نکلا ۔ اب دریافت طلب یہ امر ہے کہ وہ ٹانکہ پاک رہے گا یا نا پاک؟ اگر نا پاک ہوگا تو کتنے دنوں کی نماز لوٹائی جائے گی اور اگر کپڑے وغیرہ اس پانی سے دھوئے گئے ہیں تو کیا دوبارہ ان کو پاک کرنا ہوگا ؟ شرعی حکم سے مطلع فرمائیں۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
اگر گرگٹ کے گرنے کا وقت معلوم نہیں ہے تو صاحبین کے نزدیک جس وقت گرگٹ دیکھا گیا، ٹانکہ اس وقت سے نا پاک قرار دیا جائے گا۔ اس سے پہلے کی پڑھی گئی نماز لوٹانے کی ضرورت نہیں ، نہ دوبارہ کپڑے وغیرہ پاک کرنے کی ضرورت ہے۔ اس قول پر تیسیرا فتوی ہے۔ ہدایہ میں ہے "وَقَالَا: لَيْسَ عَلَيْهِمْ إعَادَةُ شَيْءٍ حَتَّى يَتَحَقَّقُوا مَتَى وَقَعَتْ لِأَنَّ الْيَقِينَ لَا يَزُولُ بِالشَّكِّ" (الهدايه ج: 1، ص 27، 28، كتاب الطهارة، فصل فى البئر) در مختار میں ہے: "وَقَالَا: مِنْ وَقْتِ الْعِلْمِ فَلَا يَلْزَمُهُمْ شَيْءٌ قَبْلَهُ، وَبِهِ يُفْتَى." (الدر المختار ج:1، ص 146)
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔