کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
جمعہ و عیدین میں سہو واقع ہونے پر سجدہ سہو کر لیا جائے تو نماز درست ہے یا نہیں؟ جن لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ نماز نہیں ہوئی ان کا کہنا کیسا ہے؟ بینوا وتوجروا۔للّٰہ نام کتاب و صفحہ بھی تحریر فرمادیں گے۔ فقط والسلام
الجواب بعون الملك الوهـــاب
جمعہ و عیدین فرض و نفل ہر ایک میں سجدہ سہو کا ایک ہی حکم ہے البتہ فقہا نے جمعہ وعیدین میں کثرت اجتماع کے سبب سجدہ سہو کو معاف رکھا ہے تا کہ لوگ فتنہ میں نہ پڑ جائیں۔ فتاوی عالمگيرى میں ہے "السَّهْوُ فِي الْجُمُعَةِ وَالْعِيدَيْنِ وَالْمَكْتُوبَةِ وَالتَّطَوُّعِ وَاحِدٌ إلَّا أَنَّ مَشَايِخَنَا قَالُوا لَا يَسْجُدُ لِلسَّهْوِ فِي الْعِيدَيْنِ وَالْجُمُعَةِ؛ لِئَلَّا يَقَعَ النَّاسُ فِي فِتْنَةٍ" (الفتاوى الهندية، ج:1، ص 128، کتاب الصلاة، فصل سهو الإمام يوجب عليه وعلى من خلفه السجود) عبارت مذکورہ کی روشنی میں واضح ہو گیا کہ اگر سجدہ سہو کر لیا گیا تو نماز میں کوئی خلل واقع نہ ہوا۔ جولوگ کہتے ہیں کہ نماز نہ ہوئی وہ غلطی پر ہیں۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔