کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین ان مسئلے کے جواب میں :
خطبہ عید کے دوران امام کی جیب میں نذرانہ ڈالنا کیسا ہے؟ اگر کوئی امام اپنے مفاد کی خاطر یہ کہے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی ممانعت ثابت نہیں ہے۔ تو اس کا یہ قول کیسا ہے؟ ایک صاحب اس کے جواب میں یہ کہتے ہیں کہ عید کا خطبہ چوں کہ واجب نہیں ہے، اس لیے اس کے دوران اور بھی کام کیے جا سکتے ہیں، عیدین اور جمعہ کے خطبہ میں خاموشی کیسی ہے؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
خطبہ خواہ جمعہ کا ہو یا عیدین کا ہو سننا فرض ہے۔ لقولہ علیہ السلام : "إذَا خَرَجَ الْإِمَامُ فَلَا صَلَاةَ وَلَا كَلَامَ" (الهداية في شرح بداية المبتدي – المرغيناني ، ج 1 ، ص: 84 ، كتاب الصلاة، باب صلاة الجمعة)۔ امام کا یہ کہنا کہ نبی کریم صلی ا کی ہم سے اس کی مخالفت ثابت نہیں، یہ جھوٹ ہے۔ حدیث شریف میں ہے کہ "مَنْ كَذَبَ عَلَيَّ فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ." (الصحيح البخاري، ج 1، ص 33، كتاب العلم، باب إثم من كذب على النبى صلى الله عليه وسلم، االحدیث : 107) جو قصداً مجھ پر جھوٹ باندھے اسے چاہیے کہ وہ اپنا ٹھکانہ جہنم تلاش کرے۔ بہر حال دوران خطبہ چندہ جمع کرنا اور امام کی جیب میں ڈالنا ممنوع ہے۔ ہاں جو کچھ دینا ہو، خطبہ کے بعد دیں۔ یوں ہی ایک صاحب کا یہ کہنا کہ عید کا خطبہ واجب نہیں سنت ہے، غلط ہے۔ سنت بایں معنیٰ ہے کہ خطبہ عید کے لیے شرط نہیں ہے۔ لیکن جب پڑھا جائے تو اس کا سننا مطلقاً ضروری ہے۔ فقہا نے مطلقاً خطبہ کے لیے "إذَا خَرَجَ الْإِمَامُ فَلَا صَلَاةَ وَلَا كَلَامَ" کہا ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔