کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین کثر هم الله تعالی در ایں مسئلہ کہ اگر کوئی شخص مسواک کے بجائے برش کا ستعمال کرے توکیا یہ مسواک کے قائم مقام ہوگا ؟ دلائل کی روشنی میں جواب عنایت فرما ئیں اور اجر عظیم کے مستحق ہوں۔
باسمه تعالىٰ وتقدس
الجواب بعون الملك الوهاب
برش ، مسواک کی عدم موجودگی میں مسواک کے قائم مقام ہو سکتا ہے کیوں کہ احادیث طیبہ اور عبارات فقہاء کرام سے یہ مفہوم ہوتا ہے کہ مقصود منھ اور دانتوں کی صفائی وستھرائی ہے نہ کہ خاص کر لکڑی کو دانت پر رگڑنا۔
چنانچہ حدیثِ پاک میں ہے: الأصابع تجري مجرى السواك إذا لم يكن مسواك (کنز العمال ج ۹، ص:٣١١) اگر مسواک موجود نہ ہو تو انگلیاں اس کے قائم مقام ہیں۔
اور فتاویٰ عالم گیری میں ہے: وَلَا يَقُومُ الْأُصْبُعُ مَقَامَ الْخَشَبَةِ فَإِنْ لَمْ تُوجَدْ الْخَشَبَةُ فَحِينَئِذٍ يَقُومُ الْأُصْبُعُ مِنْ يَمِينِهِ مَقَامَ الْخَشَبَةِ (الفتاوی العالمگیریه ج: 1، ص: ۷) انگلی، لکڑی ( مسواک) کے قائم مقام نہیں ہو سکتی لیکن اگر لکڑی ( مسواک) موجود نہ ہو تو داہنے ہاتھ کی انگلی اس کے قائم مقام ہو جائے گی۔
اور درمختار میں ہے: وعند فقده أو فقد أسنانه تقوم الخرقة الخشنة أو الاصبع مقامه، كما يقوم العلك مقامه للمرأة مع القدرة عليه۔ (الدر المختار مع رد المحتار، ج ۱، ص: ۲۳۷)
یعنی مسواک یا دانتوں کے نہ ہونے کے وقت کھردرا کپڑا یا انگلی مسواک کے قائم مقام ہے جس طرح عورت کے لیے مسی مسواک کے قائم مقام ہے، مسواک پر قدرت کے باوجود۔
ان عبارات سے معلوم ہوا کہ انگلی یا کھردرا کپڑا مسواک کے نہ ہونے کے وقت مسواک کے قائم مقام ہیں یونہی مسواک نہ رہنے کی صورت میں برش بھی مسواک کے قائم مقام ہوگا ۔ البتہ اگر مسواک باآسانی دستیاب ہو سکتی ہو تو برش کر کے سنت ترک نہیں کرنی چاہیے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔