کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ ہمارے یہاں اگر کوئی شخص قبل شب برات خواہ ایک دن پہلے یا دس ماہ پہلے مر جاتا ہے تو اس کے لیے آنے والے اس شب برات سے ایک رات پہلے ہی الگ سے اس کے نام سے فاتحہ دلاتے ہیں اور اسے عرفہ کا نام دیتے ہیں پھر شب برات میں مع اس میت کے تمام روحوں کے نام عام فاتحہ دلاتے ہیں اور شب برات سے ایک رات قبل اس میت کا فاتحہ دلا نالازمی سمجھتے ہیں اس رات بھی وہ تمام لوازمات تیار کیے جاتے ہیں جو شب برات میں تیار کئے جاتے ہیں۔
حضور مفتی صاحب قبلہ آپ سے اس مسئلہ کا یہ حل طلب کرنا ہے کہ اس میت کے لیے قبل شب برات اس طرح فاتحہ دلانا کیسا ہے؟ اور اسے عرفہ سے موسوم کرنا کیسا ہے؟ اور سال بھر میں صرف اس رات کو خاص کرنا کیسا ہے؟ اور یہ عقیدہ رکھنا کہ جب تک اس میت کے لیے عرفہ کا مخصوص فاتحہ نہیں ہو جا تا شب برات میں عام روحوں کو فاتحہ دلانا مناسب نہیں یہ عقیدہ کیسا ہے؟ بینو او تو جر وا
المستفتی: محمد فاروق مصباحی، رضا مسجد سنگم و ہار، نئی دہلی
میت کو ایصال ثواب کے لیے شرع کی جانب سے کوئی خاص دن متعین نہیں ایصال کرنے والے کو سال یا ماہ میں جس دن سہولت نظر آئے وہ دن اس کے لیے خاص کر سکتا ہے لہذا میت کو ایصال ثواب کے لیے شعبان کی پندرہویں رات سے پہلے چودہویں رات کو خاص کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ نیز اگر وہ فاتحہ سنت طریقہ پر کیا جاتا ہے اور اس میں کوئی امر خلاف شرع انجام نہیں پاتا تو یہ فاتحہ محمود و مستحسن ہے اور یہ خیال کہ جب تک اس سال کی میت کے لیے عرفہ کا مخصوص فاتحہ نہیں ہو جا تا شب برات میں عام روحوں کو فاتحہ دلانا مناسب نہیں باطل خیال ہے کہ احادیث مبارک میں شب برات کی عبادت و فاتحہ کی بہت زیادہ فضیلت وارد ہے۔
فتاوی رضویہ،میں ہے عرفہ تک یابعد تک اگر الگ ہمیشہ فاتحہ دیں تو حرج نہیں، شامل رکھیں تو حرج نہیں، یہ سمجھنا کہ عرفہ تک الگ کا حکم ہے پھر شامل کا، یہ غلط وجہالت ہے ۔ ( ج ۴ ص ۲۱۳) واللہ تعالی اعلم
الجواب صحیح : محمد نظام الدین رضوی برکاتی
الجواب صحيح : محمد ابرار احمد امجدی برکاتی
كتبه : فیاض احمد برکاتی مصباحی
۱۱ /جمادی الاول ۱۴۲۹ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔