مکرمی و محترمی دام اقبالہ السلام علیکم ، خیریت نیک طرفین۔
بعدہ عرض ہے کہ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں :
زید کا انتقال ہو چکا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ مرحوم کے وطن میں ادا کی گئی ہے۔ تجہیز و تکفین کے لیے میت کو کسی دوسرے مقام پر لے جا کر تجہیز و تکفین کی گئی ہے۔ تدفین سے قبل دوبارہ نماز جنازہ پڑھائی گئی ہے۔ مرحوم ایک اچھے شیخ یعنی مرشد تھے۔ کیا نماز جنازہ ایک سے زائد مرتبہ جائز ہے؟ نماز جنازہ میں پہلی مرتبہ پڑھے ہوئے لوگ بھی شریک تھے اور دیگر بھی ۔ احکام شرع سے مطلع فرمائیں تو مناسب ہے۔ فقط
الجواب بعون الملك الوهـــــــــاب
اگر غیر ولی نے نماز جنازہ پڑھی تو ولی کو دوبارہ پڑھنے کا اختیار ہے۔ اور اگر ولی نے پڑھ لی تو کسی کے لیے جائز نہیں کہ دوبارہ نماز پڑھے۔ ہدایہ میں ہے: "فَإِنْ صَلَّى غَيْرُ الْوَلِيِّ أَوْ السُّلْطَانِ أَعَادَ الْوَلِيُّ، يَعْنِي إنْ شَاءَ لِمَا ذَكَرْنَا أَنَّ الْحَقَّ لِلْأَوْلِيَاءِ، وَإِنْ صَلَّى الْوَلِيُّ لَمْ يَجُزْلِأَحَدٍ أَنْ يُصَلِّيَ بَعْدَهُ" (الهداية، ج 1، ص 160، كتاب الصلاة، کتاب الجنائز، فصل في الصلاة على الميت)۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔