کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک آدمی امامت کراتا ہے، کہ نماز میں ہمیشہ طول قرآت پڑھا کرتا ہے، تقریبا پاؤ سوا پاؤ میں دور کعتیں پوری کرتا ، مقتدی تمام نالاں ہیں، اور امام صاحب کو ہمیشہ کہتے رہتے ہیں، کہ ہم کمزور ہیں، اور ضعیف ہیں نماز اتنی لمبی نہ کریں، لیکن امام صاحب بجائے مان لینے کے اور زیاده پڑھنے لگ جاتے ہیں، ایسے ضدی معاملہ میں نماز کا کیا حال ہے، امام کو کیا کرنا چاہئیے اور مقتدی کیا کریں آیا نماز علیحده پڑھیں یا پیچھے امام کے نیت کر کے بیٹھ جائیں پھر کھڑے ہو کر رکوع میں ساتھ مل جائیں۔ اگر امام کو یہ کہتے ہیں تو وه کہتا ہے کہ میں ضد نہیں کرتا بلکہ مجھے پڑھنے کا شوق زیاده ہے، بہر صورت امام کو ایسے شوق میں مستغرق ہونا چاہئے ، یا مقتدیوں کی بات پر عمل کرے، بینوا توجروا۔
امام جب اوروں کو نماز پڑھائے تو شرعاً اس پر لازم ہے کہ مقتدیوں کا بھی خیال رکھے، نماز میں قرآت یا رکوع وسجود کا اتنا طول نہ کرے، کہ مقتدیوں پر شفقت کا باعث ہو۔ اور جب امام تنہا نماز پڑھے جیسے سنتیں نفل وغیره تو جتنا چاہے نماز کو طول دے، اس میں حرج نہیں، حضرت معاذ بن جبل رضی الله تعالی عنہ نے نماز میں طول دیا تھا ، جس کی وجہ سے حضور نبی کریم علیہ الصلوٰةوالسلام حضرت معاذ پر بہت ناراض ہوئے ،جیسا کہ بخاری و مسلم میں مفصل حدیث مذکور ہے،
حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام نے ارشاد فرمایا: فَمَنْ صَلَّى بِالنَّاسِ فَلْیُخَفِّفْ فإِنَّ فِیھِمِ المَرِیضَ والضَّعِیفَ وَذا الحاجَةِ الحدیث أو كما قال رسول الله صلى الله علیھ وسلم ۔ یعنی جو لوگوں کو نماز پڑھائے تو وه نماز کو طول نہ کرے بلکہ تخفیف کرے اس لئے کہ مقتدیوں میں کمزور و بیمار اور صاحب حاجت ہیں،
اور ارشاد فرمایا: وَمَنْ صَلَّى لِنَفْسِھِ فَلْیُطَوِّلْ مَا شَاءَ او كما قال علیھ السلام یعنی جو شخص تنہا نماز پڑھے جتنی چاہے لمبی کرے۔
ہمارے امام اعظم اور حضور غوث اعظم اور خواجہ غریب نواز رضی الله تعالیٰ عنہم اور بہت سے اولیاء کرام شب بھر عبادت کرتے۔
صورت مسئولہ میں اس امام کو شرعی مسئلہ سمجھایا جائے اگر مان لے تو اچھا ورنہ کسی اور شخص سنی صحیح العقیده قابل امامت کو امام بنائیں۔ وه امام جو آپ کا ہے امامت کے مسئلے سے ناواقف معلوم ہوتا ہے، امام ایسا ہونا چاہئے جو مقتدیوں کے حق کو پہچانے ، اور تلاوت کا صحیح ذوق وه ہے، جو حضور نبی کریم علیہ الصلوٰة والسلام کے ارشاد کے مطابق ہو ، امام ایسا نہ ہونا چاہئے کہ جس کی وجہ سے مقتدیوں کا ذوق ٹوٹتا ہو بلکہ ایسا ہونا چاہئے جس کی وجہ سے مقتدیوں کا ذوق نماز زیاده ہو ۔ اس امام کا ذوق اگرچہ صحیح مگرطرز استعمال غلط ہے۔
الله تعالی ہدایت فرمائے۔ وہو لموفق و ہو تعالی و رسولہ الا علیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔