قبلہ و کعبہ بزرگ محترم صاحب جامعہ عربیہ ناگپور السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
پیرو مرشد نے ایسی جگہ نماز پڑھائی جہاں سے مسجد بالکل ہی قریب ہے۔ ایسی صورت میں علیحدہ نماز با جماعت پڑھی جاسکتی ہے جب کہ مسجد صرف ۵؍ منٹ کے فاصلے پر ہے؟ اذان صاف سنائی دیتی ہے۔ نماز پیر و مرشد نے اس مکان میں پڑھائی جہاں اوپر والے حصہ میں کلب یعنی جو ا چلتا ہے۔ لہذا دوسرے مالے (Floor) پر پیرو مرشد کی اور مقتدین کی نماز با جماعت صحیح ہو سکتی ہے؟ نیچے کے حصے میں مالک مکان کا ہوٹل اور سٹے کا کاروبار چلتا ہے۔
الجواب بعون الملك الوهــــــــــــاب
نماز تو ہو جائے گی لیکن قریب کی مسجد ہوتے ہوئے بلا وجہ شرعی دوسری جماعت اتنی لمبی چوڑی ایسی جگہ کرنا جس کے نیچے اوپر حرام کاری کا اڈا ہو کسی طرح مناسب نہیں ۔ ہاں اگر امام بد مذہب ہے یا اس میں اور کوئی شرعی خرابی ہو جس سے نماز فاسد یا مکروہ تحریمی ہوتی ہو تو علیحدہ جماعت ہو سکتی ہے لیکن پھر بھی ایسی جگہ سے اجتناب چاہیے۔ حدیث شریف میں ہے: "اتَّقُوا مَوَاضِعَ التُّهَمِ" (کشف الخفاء، ج 1، ص 53۔ الحدیث 88) تہمت کی جگہ سے بچو۔ اور اگر کوئی عذر شرعی نہ ہو تو مسجد میں حاضر ہو کر جماعت سے نماز پڑھنا واجب ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔