کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید کی جس وقت شادی ہوئی، اس کے والدین نے حسبِ دستور جوڑے، زیور وغیرہ چڑھائے، اور بعدِ نکاح ہونے کے لڑکی کے والدین نے کچھ زیور اور جوڑے وغیرہ جہیز میں دیے۔ بعد میں کچھ زیور نکاح کے بعد بنوا دیا۔ زید نے کچھ کپڑا وغیرہ بھی، علاوہ معمولی کپڑے کے، دیا۔
اور اس عورت نے اپنے شوہر کے وقت مرتے اپنے شوہر کا، اور اب تک، مہر بھی معاف نہیں کیا، بلکہ مرتے وقت اس کے پاس بھی نہیں گئی۔
اور زید کے نام کچھ جائیداد وغیرہ نہیں ہے۔ اس صورت میں مال کا مالک کون ہوگا، اور مہر کا ادا کرنا کس کے ذمے عائد ہوگا؟ بینوا توجروا۔
جو کچھ زیور، کپڑا، برتن وغیرہ عورت کو جہیز میں ملا تھا، اس کی مالک خاص عورت ہے۔ اور جو کچھ چڑھاؤ شوہر کے یہاں سے ملا تھا، اس میں رواج کو دیکھا جائے گا۔ اگر رواج یہ ہو کہ عورت ہی اس کی مالک سمجھی جاتی ہے، تو وہ بھی عورت کی مِلک ہو گیا۔ اور اگر عورت مالک نہیں سمجھی جاتی، تو وہ جس نے چڑھایا تھا، اس کی مِلک ہے، خواہ (شوہر کا) والد ہو یا (اس کی) والدہ، یا خود شوہر۔
اور جو زیور زید نے بعدِ نکاح بنوایا، اگر عورت کی تملیک کر دی تھی، یعنی یہ کہہ دیا تھا کہ: "میں نے یہ زیور تجھے دے ڈالا، تجھے اس کا مالک کر دیا۔" اور قبضہ عورت کا ہو گیا، تو یہ زیور بھی مِلکِ زن ہو گیا۔ اور اگر کہا: "تجھے پہننے کو دیا۔" تو شوہر کی مِلک رہا۔ اور اگر کچھ نہ کہا، تو رواج دیکھا جائے گا۔ اسی طرح زیور بنا دینے کو، اگر عورت کی تملیک سمجھتے ہیں، تو بعدِ قبضہ عورت مالک ہوگی، ورنہ مِلک شوہر پر رہے گی۔
عورت کا مہر ذمۂ شوہر ہے۔ اگر شوہر کا کچھ مال، مثلاً یہی زیور کہ اس نے بنوا دیا، اور عورت کی مِلک اس میں ثابت نہ ہوئی تھی، یا اور کوئی چیز جو مِلکِ شوہر پائی جائے، اس سے وصول کرے۔ اگر مِلکِ شوہر سے کچھ نہ ملے، تو شوہر کے والدین وغیرہما سے کسی وقت بھی کچھ مطالبہ نہیں کر سکتی، جب کہ انہوں نے مہر کی ضمانت نہ کر لی ہو۔
اس کا معاملہ عافیت پر رہا، اور افضل یہ ہے کہ شوہر معاف کر دے۔ واللہ تعالیٰ ورسولہُ أعلم۔منقول از فتاویٰ رضویہ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔