بخدمت شریف عالی جناب مفتی صاحب مدظلہ العالی السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
نماز تراویح میں تسبیح کہنا کیسا ہے؟ اگر کہنا ہے تو بلند آواز سے یا پست آواز سے ہر دو رکعت کے بعد یا چار رکعتوں کے اور وتر کے بعد نفل پڑھنا کیسا ہے؟
مسئله : از : قاضی محمد عبدالحی پیش امام مسجد یوسفیہ ، کپل و پوسٹ تعلقہ ضلع را ئچور میسور اسٹیٹ جمادی الاولی ۱۳۹۲ھ
الجواب بعون الملك الوهــــــــــــــــــــــــــــــــاب
نماز تراویح کے ہر چار رکعت پر بیٹھنا مستحب ہے اور اس بیٹھنے میں اختیار ہے کہ اگر چاہے تو تسبیح پڑھے یا تلاوت کرے یا تنہا تنہا نماز نفل پڑھے یا خاموش رہے۔ درمختار میں ہے: یخیرون بین تسبیح وقراءة وسكوت وصلاة فرادى (الدر المختار ج ۲، ص: ۴۹۳، کتاب الصلاة، باب الوتر والنوافل) عالمگیری میں ہے: ثُمَّ هُمْ مُخَيَّرُونَ فِي حَالَةِ الْجُلُوسِ إنْ شَاءُوا سَبَّحُوا وَإِنْ شَاءُوا قَعَدُوا سَاكِتِينَ (الفتاوى الهنديه، ج 1، ص 115، کتاب الصلاۃ، الباب التاسع فی النوافل، فصل فی التراویح) یعنی بیٹھنے کی حالت میں اختیار ہے کہ چاہے تسبیح پڑھے یا خاموش بیٹھیں اگر تسبیح پڑھی جائے تو اتنی آواز سے کہ پڑھنے والا خود سن سکے وتر کے بعد دو رکعت نفل پڑھنا مستحب ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
کتبہ: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور، ۱۹ جمادی الاولی ۱۳۹۲ ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔