کیا فرماتے ہیں مفتیان دین وملت ان مسائل میں کہ۔۔۔۔
ایک شخص تمتع کی نیت سے مکہ کے لئے روانہ ہوا مکہ پہنچ کر اسے معلوم ہوا کہ وہاں اس کا قیام سولہ دن رہے گا۔ لہذا اس نے اقامت کی نیت کر لی پھر سولہ دن کے بعد دیگر افعال حج ادا کرنے کیلئے وہ منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ کے لئے روانہ ہو گیا۔
(1)دریافت طلب امر یہ ہے کہ اسے منیٰ و عرفات وغیرہ میں قصر نماز پڑھنا لازم تھا یا مکمل ؟ کیوں کہ ایک صاحب کہتے ہیں چونکہ وہ مکہ میں مقیم تھا اور منیٰ وغیرہ کی دوری مسافت قصر نہیں لہذاوہ منیٰ میں بھی مقیم ہی رہے گا جب کہ دوسرے شخص کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ مکہ میں مقیم ہو لیکن اسے منیٰ وغیرہ میں قصر ہی کرنا ہو گا کیوں کہ رسول پاک صلی اللہ تعالٰی علیہ و سلم سے ایسا ہی ثابت ہے؟ بینوا توجروا
(2) یہاں سے مکہ مکرمہ گیا پانچ دن کے قیام کے بعد اسے حاضری بارگاہ رسالت کے لئے مدینہ منورہ روانہ کر دیا گیا دس یوم مدینہ طیبہ میں گزار کر واپس مکہ مکرمہ آیا۔ اب سات دن کے قیام کے بعد مکہ مکرمہ سے منیٰ وغیرہ کے لئے روانہ ہو گیا۔ تمام افعال حج ادا کرنے کے بعد مزید پندرہ یوم مکہ مکرمہ میں مقیم رہا۔ ان صورتوں میں کہاں قصر کرنا لازم تھا اور کہاں مکمل پڑھنا ضروری تھا ؟ بينوا توجروا
(1) صورتِ مسئولہ میں پہلے شخص کا قول صحیح ہے اور دوسرے کا قول صحیح نہیں اس لئے کہ جب اسے یہ معلوم ہوا کہ مکہ شریف میں ۱۶ دن ٹھہرنا ہے تو وہ مقیم ہو گیا۔ پھر منیٰ کے لئے روانہ ہوا تو مکہ شریف سے منیٰ کی دوری چونکہ ساڑھے ستاون میل یعنی ساڑھے بانوے کلومیٹر نہیں ہے۔ لہذا وہ منیٰ عرفات وغیرہ میں بھی مقیم ہی رہا۔ اور ان مقامات پر چار رکعت والی فرض نماز مکمل پڑھنا ضروری تھا۔
مجمع الانہر شرح ملتقی الا بحر جلد اول صفحہ ۱۶۲ میں: مُدَّةُ الْإِقَامَةِ (خَمْسَةَ عَشَرَ يَوْمًا أَوْ أَكْثَرَ) لِمَا رُوِيَ عَنْ عُمَرَ وَابْنِ عَبَّاسٍ رضي الله عنهما أَنَّهُمَا قَالَا: أَقَلُّ مُدَّةِ الْإِقَامَةِ خَمْسَةَ عَشَرَ يَوْمًا۔(مجمع الأنهر في شرح ملتقى الأبحر – داماد أفندي عبد الرحمن شيخي زاده (١ / ١٦٢)
اور رہا وہ جو حدیث پاک میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے منیٰ وغیرہ میں قصر فرمایا تو یہ اس صورت میں ہے جب کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم مکہ شریف میں اس وقت پہنچے کہ آپ کو وہاں پندرہ دن ٹھہرنے سے پہلے حج کے لئے منیٰ جانا تھا تو اس صورت میں آپ مسافر ہی رہے جس کے سبب منیٰ میں قصر فرمایا اور ایسی صورت میں وہاں قصر ہی واجب ہے۔
فتاویٰ عالمگیری جلد اول صفحہ ۱۴۰ میں ہے: أَنَّ الْحَاجَّ إذَا دَخَلَ مَكَّةَ فِي أَيَّامِ الْعَشْرِ وَنَوَى الْإِقَامَةَ نِصْفَ شَهْرٍ لَا تَصِحُّ؛ لِأَنَّهُ لَا بُدَّ لَهُ مِنْ الْخُرُوجِ إلَى عَرَفَاتٍ فَلَا يَتَحَقَّقُ الشَّرْطُ۔ (الفتاوى العالمكيرية = الفتاوى الهندية – محمد أورنك عالم كير (١ / ١٤٠) و الله تعالى اعلم
(2) اگر حاجی مکہ معظمہ پہنچنے سے پہلے جانتا تھا کہ ہم وہاں سے پندرہ روز کے قبل ہی مدینہ منورہ بھیج دیئے جائیں گے۔ یا ایسے وقت میں وہاں پہنچا کہ اگر مدینہ طیبہ اسے بھیجا جائے تو دس روز وہاں رہ کر ایام حج سے پہلے واپس نہیں آسکتا تو ان صورتوں میں وہ مکہ شریف میں قصر کرے گا۔ اور اگر ایسے وقت میں مکہ معظمہ پہنچا کہ حج کیلئے نکلنے کو پندرہ دن سے کم باقی ہے تو اس صورت میں بھی وہاں قصر کرے گا۔ اور اگر جانتا ہے کہ پندہ روز یا اس کے بعد مکہ شریف سے مدینہ منورہ بھیجے جائیں گے تو مکہ معظمہ پہنچ کر مقیم رہے گا قصر نہیں کرے گا۔
لہذا جن صورتوں میں حج سے پہلے مکہ معظمہ میں قصر کرے گا ان صورتوں میں منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں بھی قصر کرے گا اور جن صورتوں میں حج سے پہلے مکہ معظمہ میں مقیم تھا ان صورتوں میں منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں بھی مقیم رہے گا نماز میں قصر نہیں کرے گا اور حج سے واپس ہو کر اگر پندہ دن یا اس سے زیادہ مکہ معظمہ میں اقامت کی نیت ہے تو مکمل پڑھے گا ور نہ قصر کرے گا۔ اور مدینہ منورہ میں چونکہ آٹھ نو روز سے زیادہ ٹھہرنے کا موقع نہیں ملتا اس لئے مدینہ منورہ میں بہر حال قصر کرے گا۔ واللہ تعالیٰ اعلم
كتبه : محمد ابرار احمد امجدی برکاتی
17رجب المرجب ۲۱ھ
الجواب صحیح: جلال الدین احمد الامجدی
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔