جناب محترمی و معظمی مفتی صاحب مدظلہ العالی دار الافتاء جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور السلام علیکم ورحمۃ اللہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں ۔۔۔۔
جو نشیمن اخبار مورخہ ۱۷ جون ۱۹۷۳ ء میں مغل لائن بمبئی سے ”چند گزارشات“ کے عنوان کے تحت شائع ہوا ہے اس کی عبارت یوں ہے ”دوسری اور اہم قابل توجہ شکایت جس پر مغل لائن کے ذمہ داروں و حج کمیٹی کے ارکان کو فوراً غور کرنا ہے وہ یہ ہے کہ رمضان سے پہلے جانے والی مستورات جن کی عمریں ۴۵ سال سے کم ہوں ان کی ایام ماہواری اگر ایام حج ۱۲/۱۱/۱۰/۹/۸/ذوالحجہ کو پڑتے ہوں تو وہ پہلے جہاز سے واپس نہ ہوں بلکہ دوسرے یا تیسرے جہاز سے واپس ہوں، کیوں کہ بعض اوقات جہاز اس قدر جلدی روانہ ہوتے ہیں کہ ایسی عورتیں ابھی ایام سے فارغ بھی نہیں ہوتیں کہ روانگی کی تاریخ آجاتی ہے اس طرح طوافِ زیارت جو مناسک حج میں داخل ہے باقی رہ جانے سے وہ شوہروں پر حرام ہو جاتی ہیں تا وقتیکہ یہ فرض ادا نہ ہو جائے ضرورت ہے کہ مغل لائن اور حج کمیٹی والے کوئی ایسا انتظام کریں جس سے مشکل دور ہو۔“
دریافت طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ بالا صورت اگر فی الحقیقت واقع ہو گئی یعنی جہاز کی مقررہ تاریخ پر واپس ہونا کسی حائضہ عورت کے لیے ناگزیر ہو گیا اور طواف زیارت نہ کر سکی تو حج میں نقص واقع ہو گا اور وہ اپنے خاوند کے لیے حرام کیوں ہوگی؟ اس کی تشریح اور تفصیل از روئے شریعت مطلوب ہے۔ برائے کرم مطلع فرماکر ممنون و مشکور فرمائیں۔ جواب کے لیے لفافہ ارسال خدمت ہے۔
الجواب بعون الملك الوهاب
طوافِ زیارت حج کا دوسرا رکن ہے۔ احرام کے بعد بہت سی چیزیں حرام ہو جاتی ہیں ان میں بیوی سے جماع کرنا یا بوسہ لینا وغیرہ بھی داخل ہے اور یہ جب تک طوافِ زیارت نہ ہو جائے حلال نہیں ۔ طوافِ زیارت دسویں ذوالحجہ سے بارہویں تک ہے اس کے بعد بلا عذر تاخیر گناہ ہے، جرمانہ میں ایک قربانی کرنی ہوگی ۔ البتہ عورت کو حیض یا نفاس آجائے تو اختتامِ حیض و نفاس کے بعد پاک ہو کر طواف کرے گی ۔ جب تک عورت طوافِ زیارت نہیں کرلے گی اپنے شوہر کے لیے حلال نہ ہو گی اگر چہ مدت گزر جائے ۔ اگر طوافِ زیارت نہ کیا جائے تو حج نہ ہوگا۔ واللہ اعلم بالصواب ورسوله ﷺ
کتبــــــه: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی(رحمۃُ اللہِ علیہ)
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔