کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین ان مسئلے کے جواب میں :
عمامہ سر کے پورے حصہ پر باندھنا چاہیے یا آدھے پر ؟ عمامہ کم از کم کتنے ہاتھ کا ہونا چاہیے؟ جو عمامہ میں سر کا آدھا حصہ کھلا رکھتا ہو محض اندرونی ٹوپی کے اوپر باندھتا ہو، اس کے پیچھے نماز مکروہِ تحریمی ہوگی یا نہیں؟ اور ایسی شکل کو اصطلاحِ شریعت میں کسی نام سے موسوم کرتے ہیں؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
سر پر عمامہ اس طرح باندھنا کہ بیچ کا حصہ کھلا رہے، شریعت کی اصطلاح میں اس کو اعتجار کہتے ہیں اور اعتجارسے نماز مکروہِ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی۔ فتاوی عالمگیری میں ہے:”وَيُكْرَهُ الِاعْتِجَارُ وَهُوَ أَنْ يُكَوِّرَ عِمَامَتَهُ وَيَتْرُكَ وَسَطَ رَأْسِهِ مَكْشُوفًا. كَذَا فِي التَّبْيِينِ قَالَ الْإِمَامُ الْوَلْوَالِجِيُّ وَهُوَ يُكْرَهُ خَارِجَ الصَّلَاةِ أَيْضًا. هَكَذَا فِي الْبَحْرِ الرَّائِقِ“(الفتاوى الهندية – محمد أورنك عالم كير، ج : 1، ص 106، باب كراهية الصلاة) اعتجار مکروہ ہے اور اعتجار یہ ہے کہ عمامہ کو اس طرح لپیٹ لے کہ اس کے بیچ سر کا حصہ کھلا رہے، ایسے ہی تبیین میں ہے۔ اور امام ولوالجی نے فرمایا کہ اعتجار نماز کے علاوہ بھی مکروہ ہے۔ مرقاۃ شرح مشکوۃ میں ہے کہ: ” حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا چھوٹا عمامہ سات ہاتھ کا اور بڑا عمامہ بارہ ہاتھ کا تھا۔“ (مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح – الملا على القاري ،کتاب اللباس،الباب الثانی،تحت الحدیث: 4340،ج 7، ص 2778۔/بہار شریعت، ج3، ص419، مکتبۃ المدینہ)
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔