کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ میری لڑکی کے نکاح میں کچھ چند سوال آپس میں رد و بدل کے ہوئے، جن میں میرا حقہ پانی پنچایت کر کے بند کر دیا۔ اور چار مہینے تک یہ حکم لگایا کہ تمہاری کچھ نہیں سنی جائے گی۔ پھر میں نے پنچایت کی اور بہت عاجزی سے ان لوگوں کے سامنے یہ کہا کہ: بھائی! میری لڑکی کا معاملہ ہے، میری خطا جا بے جا ہوئی ہے، اس کو واسطہِ خدا اور رسول کے معاف کر دیا جائے۔ ان لوگوں نے یہ کہا کہ: واسطہ خدا اور رسول کا ہمارے دلوں سے پہلے ہی اٹھ گیا ہے۔ لہٰذا چند آدمیوں نے یہ پوچھا کہ: بھائی! یہ کلمہ تو بہت برا کہا۔ انہوں نے جواب دیا کہ: ابھی پنچایت میں بھی ایک شخص نے واسطہ خدا و رسول کا دیا تھا، اس کی بھی نہیں مانی تھی، لہٰذا تمہاری بھی نہیں مانی جائے گی۔ انہی لوگوں میں سے چند آدمیوں نے توبہ کی (اور کہا) کہ: خدا ہم کو معاف کرے، اب ایسی حرکت نہیں کریں گے، نہ ہم ایسے لفظ کے شریک ہیں۔ مگر ان (بقیہ) آدمیوں نے یہی کہا کہ: ہم اسی بات کے قائل ہیں، جو ہم نے چار مہینہ تک تم کو بند کیا ہے، اب ہم چار مہینہ تک اپنے حکم کے قائل ہیں، پیشتر کوئی بات نہیں سنیں گے۔
ان میں چند آدمی امامت کرتے ہیں، آیا ان لوگوں کے پیچھے نماز ہوگی یا نہیں؟ بینوا توجروا
جس مسلمان کے سامنے اس کا بھائی اپنی خطا کی معافی چاہے تو اس پر لازم ہے کہ خطا معاف کر دے، ورنہ حدیث میں نہ معاف کرنے والے کے بارے میں جو وعید آئی ہے، یہ اس کا مستحق ہے۔ اور اس کلمہ (بُرے بول) سے یہ لوگ توبہ کریں، ورنہ اہلِ برادری ان کا حقہ پانی بند کر دیں اور ان کو امامت سے معزول کر دیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔