کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین اس مسئلہ میں کہ بعد نمازِ پنجگانہ علی العموم مقتدی آپس میں مصافحہ کیا کرتے ہیں اور اس کو بھی ضروری خیال کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ روکنے والے سے جھگڑتے ہیں۔ یہ عجیب بات ہے کہ شامل شامل (ساتھ ساتھ) مسجد میں حاضر ہیں، بعد فراغتِ نمازِ جماعت مصافحہ کریں اور پہلے سے نہ کریں، ایسا اعتقاد کیسا ہے؟
'ردالمحتار' میں ہے: ”قَالَ الشَّيْخُ أَبُو الْحَسَنِ الْبِكْرِيُّ: وَتَقْيِيدُهُ بِمَا بَعْدَ الصُّبْحِ وَالْعَصْرِ عَلَى عَادَةٍ كَانَتْ فِي زَمَنِهِ، وَإِلَّا فَعَقِبَ الصَّلَوَاتِ كُلِّهَا كَذَلِكَ كَذَا فِي رِسَالَةِ الشُّرُنْبُلَالِيُّ فِي الْمُصَافَحَةِ، وَنُقِلَ مِثْلُهُ عَنْ الشَّمْسِ الْحَانُوتِيِّ، وَأَنَّهُ أَفْتَى بِهِ مُسْتَدِلًّا بِعُمُومِ النُّصُوصِ الْوَارِدَةِ فِي مَشْرُوعِيَّتِهَا وَهُوَ الْمُوَافِقُ لِمَا ذَكَرَهُ الشَّارِحُ مِنْ إطْلَاقِ الْمُتُونِ“ (رد المحتار، ج: 3، ص: 381، مطبعة مصطفى البابي الحلبي، مصر)
ترجمہ: ”شيخ ابو الحسن بکری نے فرمایا: 'ان کانا بعد صبح و عصر' کے ساتھ مقید کرنا بربنائے عادت تھا، اس زمانہ میں ان دو نمازوں کے بعد مصافحہ کرتے تھے، ورنہ تمام نمازوں کے بعد اس کا حکم یہی ہے۔ جیسا کہ شرنبلالی کے رسالہ مصافحہ میں ہے اور اسی کے مثل شمس حانوتی سے بھی منقول ہے، اور یہ کہ انھوں نے اس کے جواز کا فتویٰ دیا اس دلیل سے کہ جو نص اس کی مشروعیت میں وارد ہے وہ عام ہے؛ اور وہی موافق ہے اس چیز کے جس کو شارح نے ذکر کیا کہ متون کی عبارتیں اس بارے میں مطلق ہیں۔“
الحاصل: یہ مصافحہ جائز ہے اور غالباً ان کا جھگڑنا اسی بنا پر ہوگا کہ مخالف اسے ناجائز و گناہ بتاتا ہوگا، نہ یہ کہ اس کو فرض و واجب جانتے ہوں گے۔ اور جب علماء اس کو جائز بتاتے ہیں اور بعض نے اسے مکروہ کہا، اگرچہ اصح قول اول ہی ہے، پھر دوسرا اگر اس قول کو اختیار نہ کرے، تو اوروں کو جو جائز جانتے اور کرتے ہیں، سختی سے منع بھی نہیں کر سکتا۔ واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔