کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ تعزیہ داری اس شخص کے لیے جو اپنے کو حنفی اور سنی المذہب کہتا ہے، شریعت کی رو سے جائز ہے یا نہیں؟ اور مجلسِ ذکرِ شہادت میں مرثیہ پڑھنا اور شیعوں کی طرح نوحہ کرنا درست ہے یا نہیں؟
تعزیہ داری ناجائز و بدعت ہے، اور ایک نہیں بلکہ بدعاتِ کثیرہ پر مشتمل ہے۔ مرثیے اکثر روافض کے ہیں، جو اغلاط و اکاذیب پر مشتمل، بے اصل و پادر ہوا حکایات کو متضمن ہیں، اور بہتوں میں تبرّا بھی ہے۔ ان کا پڑھنا حرام و نہایت سخت حرام ہے، مسلمانوں کو ان سے احتراز لازم ہے۔ اور نوحہ بھی امورِ جاہلیت سے ہے، احادیث میں نوحہ کرنے پر شدید وعیدیں آئی ہیں۔
ہاں! جو امور شرع نے جائز رکھے ہیں، مسلمان وہ کریں؛ کہ حضرت امامین کریمین رضی اللہ تعالیٰ عنہما کو ایصالِ ثواب کریں، تصدق کریں، روزے رکھیں اور ان کا ثواب نذر کریں، اور تشبہِ روافض (روافض کی مشابہت) سے بچیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔