مکرم و محترم مفتی اعظم مدظلہ العالی سلام سنت الاسلام
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
زید کی چار بیویاں ہیں جن میں سے دوسری بیوی کی لڑکی بکر سے بیاہی گئی اور انتقال کر گئی ۔ اس کے بعد تیسری بیوی کی لڑکی سے پھر بکر کا نکاح ہوا اور وہ اب حیات ہے۔ ایسی صورت میں بکر کی اس موجودہ بیوی نے اپنی بہن یعنی زید کی چوتھی بیوی کی لڑکی کو گھریلو کام کاج کی خاطر چند روز اپنے پاس رکھا ، اس درمیان بکر اپنی اسی سالی کی طرف مائل ہو چکا ہے اور اس سے بیاہ کرنا چاہتا ہے۔ تو کیا ایسی صورت میں شریعت اسلامیہ کہ وہ اپنی خواہش کے مطابق زید کی چوتھی بیوی کی لڑکی یعنی سالی سے شادی کر سکتا ہے؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
ایسی دو عورتوں کو نکاح میں جمع کرنا حرام ہے کہ اگر ان دونوں میں سے کسی ایک کو مرد فرض کیا جائے تو وہ عورت اس کے لیے حرام ہو۔ لہذا صورت مسئولہ میں بکر اپنی بیوی کی موجودگی میں بیوی کی سوتیلی بہن سے نکاح نہیں کر سکتا۔ لقوله تعالى:وَ اَنْ تَجْمَعُوْا بَیْنَ الْاُخْتَیْنِ(النساء : 23)
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔