کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک پیش امام داڑھی کم رکھتا ہے، جب اس سے پوچھا گیا کہ داڑھی کتنی لمبی ہونی چاہئے، تو اس نے جواب دیا کہ لمبی داڑھی تو سکھوں کی ہوتی ہے، اس وجہ سے اکثر لوگوں نے اس کے پیچھے نماز پڑھنا چھوڑ دی ہے، اور اس سے داڑھی بڑھانے کا اصرار کیا گیا لیکن اس نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ، اس لئے دریافت طلب مسئلہ ہے، داڑھی کی شرعی حد کتنی ہے، اور امام کی داڑھی کتنی ہونی چاہئے جوشرعی حد سے کم داڑھی رکھے ، اس کے پیچھے نماز ہو سکتی ہے، یا نہیں، جس نے مذکوره بالا لفظ شارع عام کہا ہے، اس کے لیے کیا حکم ہے، جو لوگ اس امام کے پیچھے نماز نہیں پڑھتے ان کے لئے کیا حکم ہے۔
بہار شریعت میں ہے داڑھی بڑھانا سنن انبیاء سابقین سے ہے، داڑھی منڈانا یا ایک مشت سے کم کرنا حرام ہے، ہاں اگر ایک مشت سے زائد ہو جائے تو جتنی زیاده ہے اس کو کٹوا سکتے ہیں، احکام الملۃ الحقہ میں ہے داڑھی ایک مشت تک بڑھانا اور رکھنا با تفاق فقہاء واجب اور اس سے زیاده سنت و مستحب تا وقتیکہ شہرت و انگشت نمائی اور تمسخر تک نوبت نہ پہنچے، اور قبل مٹھی بھر تر شوانا یا منڈانا بالاتفاق حرام کسی کے نزدیک جائز نہیں۔ اور فی نفسہ مطلق داڑھی بڑھانا اور رکھنا سنت موکده متواتره قدیمہ ہے تمام انبیاء علیہم الصلوٰة والسلام کی احکام شریعت میں ہے، داڑھی منڈوانے یا کتروانے والا فاسق معلن ہے، اسے امام بنانا گناه ہے، فرض ہو یا تراویح کسی نماز میں اسے امام بنانا جائز نہیں، نیز اس میں ہے، نماز بکراہت شدیده تحریمہ مکروه ہے، کہ انہیں امام بنانا حرام اور ان کے پیچھے نماز پڑھنا گناه اور جتنی پڑھی ہوں سب کا پھیرنا واجب اور انہیں کے قریب ہے، فاسق معلن مثلاً داڑھی منڈا، یا خشخاشی رکھنے والا یا کتروا کر حد شرع سے کم کرنے والا ،
فتاوی رضویہ میں ہے: داڑھی ترشوانے والے کو امام بنانا گناه ہے، اور اسکے پیچھے نماز مکروه تحریمی کہ پڑھنی گناه اور پھیرنی واجب، ان عبارات کتب فقہاء وعلماء سے معلوم ہوا کہ داڑھی کی لمبائی کم از کم ایک مشت ہے، جو امام ایک مشت سے کم داڑھی رکھے یا منڈائے ، وه شرعاً فاسق معلن ہے، اس کو امام بنانا گناه ہے، اس کے پیچھے نماز پڑھنی گناه اور جتنی نمازیں اس کے پیچھے پڑھی ہیں ان کا پھیرنا واجب، امام مذکوره کا یہ جملہ کہ لمبی داڑھی تو سکھوں کی ہوتی ہے، بہت سخت جملہ ہے، اس امام پر ضروری ہے، کہ تو بہ کرے، اور عہد کرے کہ آئینده کبھی خلاف شرع ایسا جملہ ہرگز نہ کہے گا ، اگر امام مذکوره تو بہ کرے اور عہد کرے کہ آئینده شریعت کے مطابق کم از کم ایک مشت لمبی داڑھی ضرور رکھے گا ، تر شوا کر اس سے کم نہیں کرے گا۔ تو اس کے پیچھے نماز پڑھنا شرعاً بلا کراہت جائز ہے، جب کہ امام مذکور سنی صحیح العقیده پابند شرع ہو اور اگر داڑھی ترشوانے سے توبہ نہ کرے بلکہ اپنی اس پرانی عادت پر قائم رہے، تو اس کے پیچھے نماز پڑھنی گناه اور لوٹانی واجب و ضروری ، اگر چہ وه امام سنی صحیح العقیده ہو، والله تعالیٰ و رسولہ الاعلیٰ اعلم۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔