کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین ان مسائل میں :
(۱) ایک مسجد میں ایک ہی وقت میں جدا جدا دو جماعت اوپر نیچے ہو سکتی ہیں کیا ؟ اگر نہیں تو کون سی جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا درست ہے؟
(۲) مسجد میں اوپر کے حصہ میں اذان ہونے کے بعد اوپر کے حصہ کی جماعت سے پہلے نیچے کے درجہ میں جماعت ہو سکتی ہے کیا؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
محلہ کی مسجد میں امام و مؤذن مقرر ہوں اور وہ سنی صحیح العقیدہ صحیح القرآن غیر فاسق معلن ہوں تو ایسی مسجد میں بلا وجہ جماعت ثانیہ کو فقہا نے مکر وہ بتایا ہے، چہ جائیکہ ایک وقت ایک مسجد میں دو جماعت ۔ ہاں اگر شارع عام یا اسٹیشن وغیرہ کی مسجدیں ہوں یا محلہ کی مسجد جس میں امام و مؤذن مقرر نہ ہو تو ایسی مسجدوں میں جماعت ثانیہ جائز ہے۔ در المختار میں ہے: يُكْرَهُ تَكْرَارُ الْجَمَاعَةِ بِأَذَانٍ وَإِقَامَةٍ فِي مَسْجِدِ مَحَلَّةٍ لَا فِي مَسْجِدِ طَرِيقٍ أَوْ مَسْجِدٍ لَا إمَامَ لَهُ وَلَا مُؤَذِّنَ (الدر المختار – علاء الدين الحصكفي (ت ١٠٨٨ هـ)، ص 86، كتاب الصلاة، باب الامامة، دار الكتب العلمية - بيروت) البته امام بد مذہب یا فاسق معلن امامت کا اہل نہ ہو تو ایسے امام کے پیچھے نماز درست نہیں۔ اصل جماعت وہ ہو گی جس کا امام اہل ہو۔
(۲) محلہ کی مسجد میں جب کہ امام و مؤذن مقرر ہوں اور امام سنی صحیح العقیدہ مسائل وضو و نماز سے واقف ہو تو ایک مسجد میں دو مرتبہ اذان کہہ کر جماعت کرنا مکروہ ہے جیسا کہ جواب نمبر (۱) میں درمختار کی عبارت سے ظاہر ہے۔ مسجد کے اوپر ونیچے کا حصہ ایک ہی مسجد کے حکم میں ہے لہذا اوپر کی اذان نیچے کے لیے اور نیچے کی اذان اوپر کے لیے کافی ہے۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔