زید نے دیو بندیوں کی ایک کتاب میں لکھا ہوا دیکھا کہ اللہ و رسول ایک نہیں۔ یہ دیکھ کر زید نے کہا میں یہ نہیں مان سکتا کیوں کہ میری سمجھ میں اللہ و رسول ایک ہیں چاہے میں اس کہنے سے کافر ہی کیوں نہ ہو جاؤں۔ لیکن میں تو یہی جانتا ہوں کہ اللہ ورسول ایک ہیں۔ یہ سن کر عمرو نے کہا: زید تمہیں اس طرح نہیں کہنا چاہئے مجھے خوف ہے کہ کہیں تمہارا یہ کہنا واقعی کفر نہ ہو جائے اور تم کافر نہ ہو جاؤ۔ عمرو کی باتیں سن کر زید بہت نادم ہوا اور فورا اپنے قول سے تو بہ بھی کر لی لیکن پھر بھی بہت پشیمان و خوفزدہ ہے۔
دریافت طلب یہ امر ہے کہ زید کا یہ کہنا کیسا ہے؟ زید اس کہنے سے گنہگار ہوا۔ یا واقعی زید کا یہ کہنا کفر ہے بصورت دیگر زید کو تجدید ایمان و تجدید نکاح کرناپڑے گا یا صرف توبہ کر لینا ہی کافی ہوگا ؟
اگر زید نے یہ کہا کہ اللہ و رسول ایک ہیں اور مراد یہ تھی کہ باعتبار ذات ایک ہیں تو یہ کفر ہے اور اگر مراد یہ تھی کہ با عتبار اطاعت ایک ہیں کہ رسول کی اطاعت اللہ کی اطاعت ہے اور اللہ کی اطاعت رسول کی اطاعت ہے تو کفر نہیں مگر ایسے کلمات سے جو مو ہم شرک یا کفر ہوں احتراز واجب ہے اور یہ کہنا کہ چاہے میں اس کہنے سے کافر ہی کیوں نہ ہو جاؤں چونکہ اس میں کفر کے ساتھ اپنی رضا ظاہر کر رہا ہے۔ لہذا یہ بھی کفر ہے فتاوی عالمگیری مطبوعہ مصر جلد ثانی ص ۲۳۵ میں ہے: مَنْ يَرْضَى بِكُفْرِ نَفْسِهِ فَقَدْ كَفَرَیعنی جو شخص اپنے کفر پر راضی ہو تو وہ کافر ہو گیا۔ لہذا زید تو بہ کے ساتھ تجدید ایمان و تجدید نکاح بھی کرے۔ وهو تعالى اعلم بالصواب۔
كتبه: جلال الدین احمد الامجدی
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔