زید حج کے لئے جا رہا ہے اس کے نام سے گھر پر قربانی ہوگی تو زید پر حج کی قربانی واجب ہوگی یا نہیں ؟
زید نے اگر حج افراد کیا تو اس پر حج کی قربانی واجب نہ ہوگی بلکہ اس صورت میں مستحب ہوگی حج تمتع یا قِران کیا تو بہر حال اس پر حج کے شکرانہ کی قربانی واجب ہوگی البتہ اگر محتاج محض ہو جائے یعنی اس کے پاس اتنا نقد نہ رہ جائے کہ جانور خرید سکے اور نہ ایسا سامان رہے کہ اسے بیچ کر لا سکے تو اس صورت میں قِران یا تمتع کرنے والے پر قربانی کے بدلے دس روزے واجب ہوں گے تین تو حج کے مہینے میں یعنی یکم شوال سے نویں ذی الحجہ تک حج کا احرام باندھنے کے بعد چاہے رکھے اور باقی سات روزے تیرہویں ذی الحجہ کے بعد بہتر یہ ہے کہ گھر پہنچ کر رکھے۔ قال الله تعالىٰ : فَمَنْ تَمَتَّعَ بِالْعُمْرَةِ اِلَى الْحَجِّ فَمَا اسْتَیْسَرَ مِنَ الْهَدْیِۚ-فَمَنْ لَّمْ یَجِدْ فَصِیَامُ ثَلٰثَةِ اَیَّامٍ فِی الْحَجِّ وَ سَبْعَةٍ اِذَا رَجَعْتُمْؕ
اور درمختار مع شامی جلد دوم ص ۱۹۲ میں ہے: (وَذَبَحَ لِلْقِرَانِ) وَهُوَ دَمُ شُكْرٍ (بَعْدَ رَمْيِ يَوْمِ النَّحْرِ) (وَإِنْ عَجَزَ صَامَ ثَلَاثَةَ أَيَّامٍ) وَلَوْ مُتَفَرِّقَةً (آخِرُهَا يَوْمَ عَرَفَةَ) (وَسَبْعَةً بَعْدَ) تَمَامِ أَيَّامِ (حَجِّهِ)۔ (حاشية ابن عابدين = رد المحتار ط الحلبي – ابن عابدين (٢ / ٥٣٣) ملخصا ۔
پھر اگر ایامِ نحر میں قارن اور متمتع شرعاً مقیم رہے یعنی مکہ شریف میں کم سے کم پندرہ دن ٹھہرنے کی نیت سے اس وقت حاضر ہوئے کہ منیٰ کی طرف حج کے لئے نکلنے میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ باقی رہے اور اس درمیان میں تین دن کی مسافت کا سفر نہ کرے اور مالک نصاب رہے تو اس پر عید الاضحیٰ کی قربانی بھی واجب ہے چاہے حرم میں کرے یا گھر پر اور اکثر شرعاً مسافر رہے اور وطن میں اپنے نام قربانی کا انتظام کرے تو وہ اس کی جانب سے نفلی ہو گی ۔
کسی صورت میں گھر کی قربانی حج کے شکرانہ کی قربانی کا بدل نہیں بن سکتی اس کے لئے منیٰ اور حدودِ حرم خاص ہیں جیسا کہ ردالمحتار جلد دوم ص ۱۹۳ پر حج کے شکرانہ کی قربانی کے بارے میں يختص بالمكان وهو الحرام اھ۔
هذا ما عندى وهو تعالى اعلم بالصواب
کتبــــــه : جلال الدین احمد الامجدى
۱۸ ذو القعده ۱۴۰۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔