حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے روضۂ مبارکہ کا ہاتھ سے بوسہ لینا اور اس کا طواف کرنا اور منہ سے چومنا اور اتنا جھکنا کہ دیکھنے والے کو معلوم ہو کہ حالتِ رکوع میں ہے یہ کرنا عند الشرع جائز ہے یا نہیں ؟ جواب بالصواب مرحمت فرمائیں!
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے روضۂ مبارکہ کا ہاتھ سے بوسہ لینے یا اس کو منہ سے چومنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ کسی انسان کی حضور کی قبر مبارک تک رسائی ہی نہیں ہوتی البتہ روضۂ مبارکہ کی جالی شریف جو باہر ہے اس کا بوسہ لینا اور ہاتھ سے چھونا منع ہے جیسا کہ پیشوائے اہلسنت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی علیہ الرحمة والرضوان تحریر فرماتے ہیں: خبر دار جالی شریف کو بوسہ دینے یا ہاتھ لگانے سے بچو کہ خلافِ ادب ہے بلکہ چار ہا تھ فاصلہ سے قریب نہ جاؤ ۔ (فتاوی رضویہ جلد چہارم ۷۲۲)
اور روضۂ مبارک کا طواف کرنا یا اس کے سامنے بحد رکوع جھکنا منع ہے جیسا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا رضی اللہ عنہ تحریر فرماتے ہیں: روضۂ انور کا طواف نہ کرو نہ سجدہ نہ اتنا جھکنا کہ رکوع کے برابر ہو کہ رسولُ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعظیم آپ کی اطاعت میں ہے۔ (فتاوی رضویہ، جلد چہارم ص ۷۲۴)
وهو تعالى اعلم.
کتبــــــه : جلال الدین احمد الامجدی
۱۳ صفر المظفر ۱۴۰۱ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔