(1) تقدیر کیا ہے؟
(۲) تقدیر کو اللہ تعالیٰ نے جو بری یا بھلی پیدا فرمایا اس میں کیا کیا لکھا رہتا ہے؟
(۳) کیا چوری کرنا ، زنا کرنا قتل کرنا کسی کا گھر جلانا کسی سے محبت کرنا وغیر ہم یہ سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتا ہے؟
(۴) کیا تقدیر بدل سکتی ہے؟ ؟ جو چیز قسمت میں نہیں لکھی ہے وہ کوشش کرنے پر مل سکتی ہے؟
(۵) جب انسان پیدا ہوتا ہے تو اس کے پیدا ہوتے ہی کیوں یعنی اللہ اچھی اور بری تقدیر بنا دیتا ہے جبکہ وہ اچھی اور بری باتیں پہچاننے کی عقل نہیں رکھتا ہے۔
مسئله: از شاکر علی مدرس مدرسہ غوثیہ سکھوئیا پوسٹ مڑ لا ضلع بستی
(۱) اللہ تعالیٰ نے اپنے علم ازلی کے موافق ہر بھلائی برائی کو مقدر فرما دیا ہے اسے تقدیر کہتے ہیں وھو تعالی اعلم
(۲) انسان کو جو کچھ نفع نقصان پہنچنے والا تھا اور وہ جو کچھ اچھائی برائی کرنے والا تھا سب کچھ اللہ تعالیٰ کے حکم سے لوح محفوظ میں لکھ دیا گیا ہے یہ نہیں کہ جیسا لکھ دیا گیا ویسا ہم کو کرنا پڑتا ہے بلکہ جیسا ہم کرنے والے تھے ویسا لکھا گیا وھو تعالی اعلم
(۳) چوری وزنا وغیرہ انسان اپنے اختیار سے کرتا ہے اور اس فعل کے کرنے کی قدرت منجانب اللہ ہوتی ہے اسی لئے اس فعل پر انسان سے مواخذہ ہوگا۔ خلاصہ یہ کہ انسان نہ تو مجبور محض ہے اور نہ مختار کل
(۴) تقدیر کی تین قسمیں ہیں۔ مبرم حقیقی ۔ معلق محض اور معلق شبیہ بہ مبرم ۔ ان میں مبرم حقیقی کا بدلنا ناممکن ہے اور معلق محض اکثر اولیاء کرام کی دعاؤں سے مل جاتی ہے اور معلق شبیه به مبرم تک صرف خاص اکابر کی رسائی ہوتی ہے۔ ایک چیز کا کسی انسان کے لئے نہ ملنا اگر مبرم حقیقی میں سے ہے تو کوشش کرنے پر نہیں مل سکتی ہے اور اگر قضا مبرم حقیقی نہ ہو تو ذکر و اذکار یا بزرگوں کی دعاؤں سے مل سکتی ہے اور آنے والی بلاٹل سکتی ہے جیسا کہ حدیث شریف میں ہے: ان الدعاء يرد القضاء یعنی بے شک دعا قضا ( تقدیر) ٹال دیتی ہے واللہ تعالٰی اعلم
(۵) انسان پیدا ہونے کے بعد جو کچھ نیکی و بدی کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے پیدا ہونے سے بہت پہلے ازل ہی میں اپنے علم سے وہ سب کچھ لکھ چکا ہے۔ تقدیر کے مسائل عام عقلوں میں نہیں آسکتے ان میں زیادہ غور وفکر کرنا سب ہلاکت ہے۔ حضرت ابو بکر صدیق و حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہما اس مسئلے میں بحث کرنے سے منع فرمائے گئے تو اوروں کی کیا حقیقت ہے؟ تقدیر حق ہے اس کے انکار کرنے والے کو حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس امت کا مجوس بتایا ہے والله تعالى ورسوله الاعلى اعلم
كتبه: جلال الدین احمد الامجدی
۳ شعبان ۱۳۸۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔