کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع تین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
حج ہندہ پر مدت سے فرض ہے۔ اب جانے کا قصد کیا تو محرم کوئی نہیں جس کے ساتھ جائے۔ اور ایک متقیہ عورت اور اس کے شوہر کا بھتیجا کہ بچپن سے اس کے سامنے رہا، دین دار و ہوشیار ہے، وہ حج کو جا رہا ہے ان کے ساتھ نہیں جائے گی تو پھر جانے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی ، فرض رہ جائے گا۔ اس صورت میں اس کو جانا چاہیے یا نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهاب
عورت کے لیے حج کی ادائیگی واجب ہونے کے لیے ایک شرط یہ بھی ہے کہ اس کا شوہر یا محرم عاقل بالغ غیر فاسق ساتھ ہو مکہ معظمہ اور عورت کے درمیان تین دن یا اس سے زیادہ کی مسافت ہو تو بغیر محرم یا شوہر کے عورت کو حج کے لیے جانا جائز نہیں۔
محرم وہ ہے جس کے ساتھ ہمیشہ کے لیے نکاح حرام ہو، شوہر کا بھتیجا غیر محرم ہے، اس کے ساتھ حج کو نہیں جا سکتی۔ اگر چہ پرہیز گار عورت بھی ساتھ ہو۔
”ہدایہ اولین“ میں ہے:
يعتبر في المرأة أن يكون لها محرم تحج به، أو زوج، ولا يجوز لها أن تحج بغير هما اذا كان بينهما و بين مكة مسيرة ثلاثة أيام.
ترجمہ: جب عورت اور مکہ معظمہ کے درمیان مسافت سفر کے برابر فاصلہ ہو تو عورت کے حج میں جانے کے لیے شوہر یا کسی مَحرم کا ساتھ میں ہونا ضروری ہے۔
بحر الرائق ج: ۲ ص ۵۵۲ میں ہے:
يشترط في حج المرأة من سفر زوج أو محرم بالغ عاقل غير فاسق.
عورت کے سفر حج میں شوہر یا عاقل بالغ غیر فاسق مَحرم کا ہونا شرط ہے۔
عنایہ میں ہے: المحرم من لا يجوز له مناكحتها على التأبيد.
جس کے ساتھ ہمیشہ کے لیے نکاح کرنا حرام ہو وہ محرم ہے۔
لہذا ہندہ کو جب محرم ملے تب اس کے ساتھ جائے، ورنہ جب موت کا وقت قریب آئے، ج بدل کرائے یا پھر وصیت کر جائے کہ اس کی طرف سے کوئی حج بدل کرے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔