کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
ہندوستان سے جب لوگ حج کے لیے جاتے ہیں قِران یا تمتع یا پھر کسی خاص کی نیت نہیں ہوتی ہے، بلکہ ان کو یہ مسائل معلوم ہی نہ تھے، صرف مطلق حج کے ارادے سے روانہ ہوتے ہیں اور جو اس میں کرنا ہوتا ہے کرتے ہیں اور یلملم سے احرام باندھتے ہیں، مکہ معظمہ پہنچ کر پہلا طواف کر کے سعی اور حلق یا تقصیر کرا کر احرام کھول دیتے ہیں اور مہینہ یا کچھ کم یا زیادہ ذی الحجہ کی مدت ہوتی ہے اس درمیانی مدت میں بغیر حالت احرام کے جماع کرنے سے حج فاسد ہو جاتا ہے یا نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهاب :
1) ) مسائل سے لا علمی کوئی عذر نہیں ہے جس پر حج فرض ہوا یا حج کرنا چاہتا ہے اس پر فرض ہے کہ وہ حج کے مسائل سیکھے۔
( 2) حج تین طرح کے ہیں :
(۱) اِفراد (۲) تمتع (۳)قِران
ان میں جس طرح کا حج کرے گا اس کی نیت احرام کے وقت ہی ضروری ہے۔ صرف حج کی نیت ہو وہ اِفراد کہلاتا ہے۔ اس میں طواف و سعی کے بعد مسجد الحرام شریف میں داخل ہو کر دو رکعت نماز پڑھے مگر حلق یا تقصیر جائز نہیں ، بلکہ حالت احرام میں یوم الترویہ (آٹھویں ذی الحجہ) تک مکہ شریف میں قیام کرے۔
یوم الترویہ سے دیگر افعال حج ادا ہوں گے۔ ابھی اس کے لیے ممنوعات احرام حلال نہیں ہوئے ، اگر جماع کر لے گا تو حج فاسد ہو جائے گا۔ جس کے نتیجہ میں دم بھی لازم ہو گا اور آئندہ سال حج ادا کرنا ہوگا۔
فتاوی قاضی خاں ج:1 صفحہ: 179 میں ہے:
اذا فرغ من السعى يدخل المسجد ويصلى ركعتين ثم يقيم مكة حراما يوم التروية ولا يحل له شيء من المحصورات مادام بمكة.
جب مفرد سعی سے فارغ ہو جائے تو مسجد حرام میں داخل ہو کر دو رکعت نماز پڑھے، پھر مکہ شریف میں یوم ترویہ تک حالتِ احرام میں رہے۔ اس دوران اس کے لیے احرام کے ممنوعات حلال نہیں۔
فتاویٰ تا تار خانیہ ج: 3 ص 579 میں ہے:
وان كان مفردا بالحج ان جامع قبل الوقوف بعرفة فسد حجه وعليه دم وعليه الحج من قابل .
اگر مفرد نے وقوفِ عرفہ سے پہلے جماع کر لیا تو حج فاسد ہو گیا اس پر دم واجب ہے اور سال آئندہ قضا بھی۔
واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔