کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ زید کو بوجہ ہونے امکان کے، جب حج کی ترغیب دی تو کہا ہے کہ ہم نے نے اکثر حاجیوں کی مدد کر دی، پس ہم پرحج کرنا فرض نہیں ہے اور کسی عالم کا قول نہیں مانتا۔ کیا اس سے شرعاً حج ساقط ہے؟
الجواب بعون الملك الوهاب
حج فرض ہونے کے لیے کئی شرطیں ہیں: مسلمان ہونا، عاقل ہونا، بالغ ہونا، مکان، لباس، خانہ داری کے سامان، نفقہ و دین وغیرہ کے علاوہ اتنا زاید مال ہو کہ مکہ شریف سے واپس آنے تک تمام اخراجات پورے ہو جائیں، دار الحرب میں ہو توحج کا علم ہونا، تندرست ہونا، راستہ کا پرامن ہونا، وقت یعنی حج کا مہینہ ہونا۔
فتاویٰ عالم گیری ج ۱ ص ۲۸۰ میں ہے:
شرائط وجوبه: منها: الاسلام، والعقل والبلوغ، والحرية، والقدرة على الزاد والراحلة ... وتفسير ملك الزاد والراحلة ان يكون له مال فاضل عن حاجته، ومنها: العلم بكون الحج فرضا، العلم المذكور يثبت لمن في دار الاسلام بمجرد الوجود فيها سواء علم بالفرضية او لم يعلم، ومنها: سلامة البدن، وامن الطريق، ووقته. ملخصا
حج فرض ہونے کے لیے کئی شرطیں ہیں: مسلمان، عاقل، بالغ و آزاد ہونا، حاجتِ اصلیہ کے علاوہ زادِ راہ اور سواری پر قادر ہونا ، دار الحرب میں ہو تو فرضیت حج کا علم ہونا جب کہ یہ شرط دار اسلام رہنے والوں کے لیے نہیں، نیز تندرست ہونا، راست کا پر امن ہونا اورحج کا وقت ہونا۔
لہٰذا اگر یہ تمام شرطیں زید میں پائی جاتی ہیں تو اس پرحج فرض ہے، اگر نہ کرے گا گنہگار ہوگا۔ علما صرف کہیں نہیں، بلکہ اس کونرمی سے سمجھائیں کہ حج کے لیے اس کے اپنے افعال ضروری ہیں اس لیے حاجیوں کی مدد کرنے سے صاحبِ استطاعت سے حج کی فرضیت ساقط نہیں ہوسکتی، جیسے نماز کہ نماز کے لیے نمازی کا اپنا عمل ضروری ہے، تو نمازیوں کی مدد کر دینے سے اس پر سے اپنی نماز ساقط نہیں ہوجاتی۔ روزہ، روزہ دار کے اپنے روزہ رکھنے سے ادا ہوتا ہے تو کسی روزہ دار کی مدد کر دینے سے اس کے اپنے ذمہ سے روزہ ساقط نہیں ہوجاتا۔ اللہ تعالیٰ اسے سمجھ دے کہ وہ اپنی جہالت سے باز آئے اور رجوع وتو بہ کر کے حج ادا کرے۔ وھو تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔