محترم حضرت مولانا مفتی صاحب قبلہ دام فیوضکم جامعہ عربیہ ناگپور السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
جناب مولانا شہر ادونی میں مسلمان ضرورت سے زیادہ سنیما دیکھنے کے عادی ہو گئے ہیں۔ افسوس ان سے کہیں زیادہ عورت و بچے سنیما دیکھا کرتے ہیں۔ بعض حضرات تو ایسے ہیں کہ بغیر سنیما دیکھے ان کو رات میں نیند نہیں آتی ہے، جب کسی سے بات کرتے ہیں تو وہی جو سنیما میں باتیں ہوتی ہیں وہی کرتے ہیں اور کپڑے بھی وہی پہنتے ہیں، کیا یہ مذہب اسلام میں جائز ہے؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
سنیما وہ مخرب اخلاق شئے ہے جس کا دیکھنا حرام اور شیطان کی پیروی کرنا ہے۔ ارشاد ربانی ہے: "وَ مِنَ النَّاسِ مَنْ یَّشْتَرِیْ لَهْوَ الْحَدِیْثِ لِیُضِلَّ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ بِغَیْرِ عِلْمٍ وَّ یَتَّخِذَهَا هُزُوًاؕ-اُولٰٓىٕكَ لَهُمْ عَذَابٌ مُّهِیْنٌ" (لقمان: 6) اور کچھ لوگ کھیل کی بات خریدتے ہیں کہ اللہ کی راہ سے بہکا دیں بے سمجھے اور اسے ہنسی بنالیں ان کے لیے ذلت کا عذاب ہے۔ اور ارشاد ہے: "وَ لَا تَتَّبِعُوْا خُطُوٰتِ الشَّیْطٰنِؕ-اِنَّهٗ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِیْنٌ" (البقرۃ:168) اور شیطان کے قدموں پر نہ چلو وہ ہمارا کھلا دشمن ہے۔ حدیث شریف میں ہے: " كل لهو للمؤمن باطل" (نوادر الاصول، ج: 2، ص: 335، الاصل الحادي والتسعون والمائتان) مسلمان کا ہر کھیل باطل ہے۔ اور سنیما برائیوں، بے حیائیوں اور حرام کاریوں کی جڑ ہے۔ ارشاد ربانی: "قُلْ اِنَّمَا حَرَّمَ رَبِّیَ الْفَوَاحِشَ مَا ظَهَرَ مِنْهَا وَ مَا بَطَنَ" (الاعراف: 33) تم فرما دو کہ میرے رب نے تو بے حیائیاں حرام فرمائی ہیں جو ان میں ظاہر ہیں اور جو چھپی ہیں۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔