زید فریضہ حج ادا کرنے کے لیے جا رہا ہے ، زید جس آراضی کو فروخت کر کے حج کے لیے جا رہا ہے وہ آراضی بکر کی تھی جس کو زید اور اس کے والد نے ناجائز طور پر قبضہ کر لیا تھا آج کے تقریبا چالیس سال قبل ۔ کیا نا جائز طور پر قبضہ کی ہوئی آراضی کو فروخت کر کے زید، یا کوئی اور شخص فریضہ حج ادا کر سکتا ہے۔ شریعت محمدی کی روشنی میں جواب مرحمت فرمائیں۔
اگر یہ صحیح ہے کہ زید نے بکر کی مملوکہ آراضی پرنا جائز قبضہ کیا تھا اور اسے فروخت کر کے بعینہ ان پیسوں سےجو اسے آراضی کی قیمت میں اس طرح ملے تھے کہ عقد و نقد جمع تھے حج کے لیے گیا ہے تو یقینا اس کاحج کے لیے جانا حرام و گناہ ہے ، یہ پیسے اس کے لیے مال خبیث تھے اور اللہ تعالی خبیث کو قبول نہیں فرماتا ۔(1)
لیکن اگر وہ دوسرے پیسوں سے حج کے لیے گیا ہے مثلا اس کے پاس پہلے کے پسماندہ روپے تھے تو پھر کوئی حرج نہیں۔ واللہ تعالی اعلم
۴ذی الحجہ ۱۴۱۹ھ
(1) مسلم شریف میں ہے: عن أبي هريرة، قال: قال رسول الله صلى الله تعالى عليه وسلم:أيها الناس، إن الله طيب لا يقبل إلا طيباً، وإن الله أمر المؤمنين بما أمر به المرسلين، فقال: {يَا أَيُّهَا الرُّسُلُ كُلُوا مِنَ الطَّيِّبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا ۖ إِنِّي بِمَا تَعْمَلُونَ عَلِيمٌ} [سورة المؤمنون: 51]
وقال : يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُلُوا مِن طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ [البقرة : ۱۷۲]
ثم ذكر الرجل يطيل السفر أشعث أغبر ، يمديديه إلى السماء ، يا رب ، يارب، ومطعمه ومشربه حرام، وملبسه حرام، وغذى بالحرام، فأنى يستجاب لذلك. (مرتب غفر له )
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔