زید موت کا کنواں چلاتا ہے۔ تو اس کھیل کے پیسہ سے حج کر سکتا ہے یا نہیں ؟ بینوا توجروا
یہ آمدنی مال حرام ہے ۔ (1) اس سے حج کرنا جائز نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم
۱۶ / رجب ۱۴۱۵ھ
(1) موت کا کنواں ۔ یہ لکڑی کا کنواں ہوتا ہے جسے عموماً سرکس والے بناتے ہیں۔ اس کی دیواریں کنویں کی طرح بالکل سیدھی نہیں ہوتیں، بلکہ ہلکی ترچھی ڈھلان نما ہوتی ہیں۔ ان پر کوئی کرتب باز موٹر سائیکل تیز رفتاری کے ساتھ چلاتا ہے ، کچھ بھی فرق پڑے تو وہ گر کر موت کے منھ میں چلا جائے اس لیے اسے موت کا کنواں کہتے ہیں۔ لوگ یہ کرتب دکھانے پر اسے کچھ معاوضہ دیتے ہیں۔
اس کا حکم یہ ہے کہ یہ کرتب دیکھنا، دکھانا نا جائز و گناہ ہے کہ یہ خطر ناک کھیل ہے، صرف کھیل ہوتا تو بھی نا جائز ہوتا اور خطر ناک ہونے کی وجہ سے یہ نا جائز در نا جائز ہوا۔
اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے : وَ لَا تُلْقُوْا بِاَیْدِیْكُمْ اِلَى التَّهْلُكَةِ (البقرة / ۱۹۵)
ترجمہ: اور اپنے آپ کو ہلاکت میں نہ ڈالو۔
اس کھیل کی مشق کے دوران بہت سے لوگ گرتے اور زخمی ہوتے ہوں گے ۔ ہو سکتا ہے کچھ موت کے منھ میں بھی چلے جاتے ہوں ، اس لیے اس کی ممانعت ہے۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ یہ کرتب لہو و لعب سے ہے جس سے حدیث پاک میں نہی وار د ہے :
عن عبد الله بن عبد الرحمن بن أبي الحسين أن رسول الله ﷺ قال: كل ما يلهو به الرجل المسلم باطل إلا رمية بقوسه و تاديبه فرسه وملاعبته أهله فإنهن من الحق . ( جامع الترمذي، أبواب فضائل الجهاد)
ترجمہ : عبد الله بن عبد الرحمن بن ابو حسین رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسلمان کا ہر کھیل باطل ہے مگر تیر اندازی، گھوڑے کو سدھانا اور اپنی بیوی کے ساتھ تفریح کہ یہ حق ہیں۔ (جامع الترمذی)
موت کا کنواں تین حلال کھیلوں کے سوا ہے اس لیے باطل و نا جائز ہے اور باطل و نا جائز کام پر جو مال ملے وہ بھی حرام و ناجائز ہے۔ ۱۲ محمد نظام الدین رضوی
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔