زید کا کہنا ہے کہ تعزیہ داری کرنا جائز ہے۔ جو تعزیہ داری نہیں کرتا ہے اور نہ تعزیہ بناتا ہے اور نہ اس میں چندہ دیتا ہے اور چندہ دینے سے انکار کرتا ہے، وہ سنی صحیح العقیدہ نہیں ہے اور تعزیہ داری ہی سے سال میں اسلام کی شان ظاہر ہوتی ہے۔ تعزیہ داری سے حضرت امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کی یاد اور محبت تازہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ زید کا کہنا ہے کہ میں تعزیہ داری کو جائز قرار دے سکتا ہوں۔ میرے پاس احادیث کریمہ کے کافی ثبوت ہیں۔ اکثر وہ اپنی تقریروں میں للکارا کرتا ہے۔ اس کی تقریر سے ہمارے یہاں سنی صحیح العقیدہ مسلک کے ماننے والوں میں دو گروہ ہونے کا امکان ہے۔
چنانچہ حضور سے گزارش ہے کہ تعزیہ داری کے مسئلے پر مدلل ثبوت مرحمت فرمائیں گے کہ تعزیہ داری جائز ہے کہ نا جائز ؟ تاکہ یہ فتنہ دور ہو جائے۔
محمد مستقیم نظامی رضوی چترویدی، آنند نگر، ضلع گورکھپور
تعزیہ داری نا جائز و گناہ ہے۔ تعزیہ بنانا، اس کو گھمانا، اس کے جلوس میں شرکت کرنا، اس میں چندہ دنیا، یا کسی قسم کا تعاون کرنا نا جائز ہے۔ ہاں یہ جائز ہے کہ امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کے روضہ مبارکہ کی صحیح شبیہ بنائیں اور برکت کے لیے گھر میں رکھیں۔ جیسے مسجد حرام شریف، مسجد نبوی شریف، گنبد خضرا و دیگر بزرگان دین کے مزارات طیبہ کے نقشے دیواروں پر آویزاں ہوتے ہیں۔ لیکن یہ تعزیہ مروجہ جو فرضی ڈھانچے کاغذ لکڑی کے بنائے جاتے ہیں، جن میں دو مصنوعی قبریں ہوتی ہیں ، ایک حضرت امام حسن کی دوسری حضرت امام حسین رضی اللہ عنہما کی، یہ سراسر لغو و خرافات ہے۔ بلکہ تعزیہ دار اسے کار ثواب جانتے ہیں، اس لیے بدعت سیئہ و حرام ہے۔ پھر موضوع روایتوں کے ساتھ مرثیے پڑھنا، سینہ کوبی کرنا حرام بالائے حرام ہے۔ امام عالی مقام کی یاد تازہ کرنے کے لیے ان کے ذکر کی محفل منعقد کریں، ان کے نام ایصال ثواب کریں جیسا کہ خود حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم اور دیگر بزرگان دین کی یاد تازہ کی جاتی ہے۔
جس نے یہ کہا: جو تعزیہ داری نہیں کرتا، تعزیہ نہیں بناتا اور چندہ اس میں نہیں دیتا، اس میں چندہ دینے سے انکار کرتا ہے ، وہ سنی صحیح العقیدہ نہیں۔ اس پر تو بہ لازم، وہ زمین و آسمان کے فرشتوں کی لعنت کا مستحق ہو گیا۔
حدیث میں ہے: من أفتى بغير علم لعنته ملئكة السموات والأرض(تاريخ مدينة دمشق لابن عساکر، ج : ٥٢ ، ص : ۲۰ ، دار الفكر، بيروت)
تعزیہ سے اسلام کی شان اس وقت ظاہر ہوتی جب یہ اسلامی کام ہوتا۔ یہ اسلام کو بدنام کرنے والی رسم ہے، کہ اسلام بھی فرضی خرافات و تماشے کی اجازت دیتا ہے ۔ العیاذ باللہ ۔ اسلام لغو و خرافات کی اجازت ہرگز نہیں دیتا۔ قرآن کریم میں ہے : هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ . ( القران الکریم،سورۃ المومنون:٢٣،الآیۃ:٣)
اور فرمایا: وَإِذَا مَرُّوْا بِاللَّغْوِ مَرُّوا كِرَامًا. (القران الکریم، سورۃ الفرقان:٢٥،الآیۃ:٧٢)
اللہ کے نیک بندوں کی شان یہ ہے کہ وہ لغو سے دور رہتے ہیں اور جب لغو کے قریب سے گزرتے ہیں تو اس سے بچ کر گزرتے ہیں۔
تعزیہ داری کے متعلق مفصل احکام رسالہ تعزیہ داری میں دیکھیں۔ واللہ تعالی اعلم
۱۷/ ربیع الاول ۱۳۹۹ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔